عظمیٰ ویب ڈیسک
بڈگام/ وسطی ضلع بڈگام کے عاریزل علاقے کے واچو گنڈ میں بدھ کی شام ایک سات سالہ بچہ سوکھ ناگ نالے میں ڈوب کر جاں بحق ہوگیا۔
متوفی کی شناخت محید ولد ظہور احمد لون کے طور پر ہوئی ہے۔
مقامی ذرائع کے مطابق بچہ مبینہ طور پر سوکھ ناگ نالے میں پھسل کر گر گیا اور تیز پانی میں بہہ گیا، جس کے بعد علاقے میں افرا تفری مچ گئی۔
مقامی لوگوں نے فوری طور پر بچے کی تلاش شروع کی اور کافی کوششوں کے بعد اسے بے ہوشی کی حالت میں پانی سے باہر نکالا۔
واقعہ کی اطلاع ملتے ہی بڑی تعداد میں لوگ جائے وقوعہ پر جمع ہوگئے۔ بعد ازاں بچے کو طبی معائنے اور ضروری کارروائی کیلئے پنزو ہسپتال منتقل کیا گیا۔ہسپتال میں ڈاکٹروں نے بچے کو مردہ قرار دیا۔
ادھر پولیس اسٹیشن واٹرحیل کی ایک ٹیم موقع پر پہنچی اور واقعہ کے حوالے سے قانونی کارروائی شروع کردی۔ پولیس نے معاملے کا مقدمہ درج کرکے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔
بڈگام میں دلخراش حادثہ، سوکھ ناگ نالے میں ڈوب کر 7 سالہ بچے کی موت