عظمیٰ ویب ڈیسک
سری نگر/کرائم برانچ کشمیر(سی بی کے) کی اقتصادی جرائم ونگ (ای او ڈبلیو) نے مبینہ نوکری گھوٹالے میں ایک پولیس اہلکار کے خلاف باقاعدہ چالان پیش کیا ہے۔ونگ کے ایک ترجمان نے بتایا کہ کرائم برانچ کشمیر نے آئی پی سی کی دفعہ 420 کے تحت درج زیر ایف آئی آر نمبر 15/2025 میں پلوامہ کی اسپیشل موبائل مجسٹریٹ کی عدالت میں ایک چالان جمع کرایا ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ چالان ریاض احمد ڈار ولد عبدالرشید ڈار ساکن نارو رتنی پورہ پلوامہ کے خلاف مبینہ دھوکہ دہی اور بدعنوانی کے ایک معاملے میں پیش کیا گیا ہے۔ان کا کہنا ہے کہ یہ مقدمہ اس وقت سامنے آیا جب ای او ڈبلیو سری نگر کو مستند اطلاعات موصول ہوئیں کہ ہیڈ کانسٹیبل ریاض احمد ڈار (بیلٹ نمبر53 آر پی/21 بٹالین، اے آر پی نمبر993957) نے مبینہ طور پر اپنے سرکاری عہدے کا غلط استعمال کرتے ہوئے متعدد معصوم افراد کو سرکاری نوکریاں دینے کا جھانسہ دیا۔
موصوف ترجمان نے بتایا کہ موصولہ اطلاعات پر کارروائی کرتے ہوئے پولیس اسٹیشن ای او ڈبلیو سری نگر میں ایک ابتدائی جانچ شروع کی گئی۔انہوں نے کہا کہ تحقیقات کے دوران ابتدائی طور پر یہ بات سامنے آئی کہ ملزم نے جعلی وعدوں کے ذریعے مختلف افراد سے رقم وصول کی اور ان کی امیدوں اور اعتماد کا غلط فائدہ اٹھاتے ہوئے سرکاری ملازمت دلانے کا بہانہ بنایا۔ان کا کہنا ہے کہ الزامات کی تصدیق کے بعد معاملے کا نوٹس لیا گیا اور پولیس اسٹیشن اقتصادی جرائم ونگ سری نگر میں باقاعدہ مقدمہ درج کیا گیا۔بیان میں کہا گیا کہ بعد ازاں ہونے والی تفتیش سے ملزم کے مجرمانہ طرز عمل کی تصدیق ہوئی جو بادی النظر میں تعزیرات ہند کی دفعہ 420 کے تحت قابل سزا جرم ہے۔انہوں نے کہا کہ اس بنا پر چالان معزز عدالے میں عدالتی کارروائی کے لئے پیش کر دیا گیا۔
مبینہ نوکری گھوٹالے میں پولیس ہلکار کے خلاف چارج شیٹ داخل: سی بی کے