عظمیٰ ویب ڈیسک
نئی دہلی/مرکزی حکومت نے سیلاب، اچانک آنے والے سیلاب (فلیش فلڈز)، بادل پھٹنے کے واقعات، لینڈ سلائیڈنگ اور طوفان سے متاثرہ پانچ ریاستوں اور مرکزی زیر انتظام علاقہ جموں و کشمیر کیلئے 1912.99 کروڑ روپےکی اضافی مالی امداد منظور کر لی ہے۔ یہ بات جمعہ کو جاری ایک سرکاری بیان میں کہی گئی۔بیان کے مطابق یہ فیصلہ ایک اعلیٰ سطحی کمیٹی (HLC)کے اجلاس میں لیا گیا جس کی صدارت مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے کی۔
حکومت کی جانب سے جاری تفصیلات کے مطابق امداد حاصل کرنے والی ریاستوں میں آندھرا پردیش، چھتیس گڑھ، گجرات، ہماچل پردیش ،ناگالینڈاور مرکزی زیر انتظام علاقہ جموں وکشمیر شامل ہیں۔تفصیلات کے مطابق آندھرا پردیش کیلئے341.48 کروڑ روپے، چھتیس گڑھ کیلئے15.70 کروڑ روپے، گجرات کیلئے 778.67 کروڑ روپے، ہماچل پردیش کیلئے 288.39 کروڑ روپے، ناگالینڈ کیلئے 158.41 کروڑ روپے جبکہ جموں و کشمیر کیلئے 330.34 کروڑ روپےمنظور کیے گئے ہیں۔بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ امداد ریاستوں کو اسٹیٹ ڈیزاسٹر ریسپانس فنڈ (SDRF)کے تحت پہلے سے فراہم کی گئی رقوم کے علاوہ ہے۔
مرکزی حکومت کے مطابق مالی سال2025-26کے دوران اب تک 28 ریاستوں کو SDRF کے تحت 20,735 کروڑ روپے جبکہ 21 ریاستوں کو نیشنل ڈیزاسٹر ریسپانس فنڈ (NDRF)کے تحت 3,628.18 کروڑ روپے جاری کیے جا چکے ہیں۔اسی طرح 23 ریاستوں کو اسٹیٹ ڈیزاسٹر مٹیگیشن فنڈ (SDMF)سے 5,373.20 کروڑ روپےاور 21 ریاستوں کو نیشنل ڈیزاسٹر مٹیگیشن فنڈ (NDMF)کے تحت 1,189.56 کروڑ روپےفراہم کیے گئے ہیں۔سرکاری بیان میں کہا گیا ہے کہ وزیراعظم نریندر مودی کی قیادت میں حکومتِ ہند قدرتی آفات کے دوران ریاستی حکومتوں کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے اور ہر ممکن مدد فراہم کر رہی ہے۔
مرکز کی جانب سے جموں و کشمیر سمیت پانچ ریاستوں کیلئے 1912.99 کروڑ روپے کی اضافی امداد منظور