عظمیٰ ویب ڈیسک
جموں/حکام نے بدھ کے روز یہ جانکاری دی آئندہ مردم شماری کے عمل کے تحت جموں و کشمیر میں یکم جون سے 30 جون تک گھروں کی فہرست سازی (ہاؤس لسٹنگ آپریشنز) انجام دی جائے گی، جبکہ اس سے 15 روز قبل عوام کو خود اندراج (سیلف اینومریشن) کی سہولت فراہم کی جائے گی۔ ۔یہ شیڈول یونین ٹیریٹری سطح کی مردم شماری رابطہ کمیٹی نے طے کیا، جس کا اجلاس منگل کو چیف سیکریٹری اتل ڈلو کی صدارت میں منعقد ہوا۔ حکام کے مطابق حکومت 31 جنوری تک اس سلسلے میں ضروری نوٹیفکیشن جاری کرے گی۔
سیلف اینومریشن کے عمل کو آسان بنانے کے لیے فیلڈ آپریشنز سے قبل 15 دن کے دوران تکنیکی معاونین اور چارج افسران کی خدمات حاصل کی جائیں گی تاکہ عوام کی رہنمائی کی جا سکے۔اجلاس کے دوران ڈائریکٹر مردم شماری آپریشنز جموں و کشمیر و لداخ، امیت شرما نے مردم شماری 2027 کے فریم ورک اور اہم خصوصیات پر تفصیلی پریزنٹیشن پیش کی۔ انہوں نے بتایا کہ مردم شماری 2027 بھارت کی پہلی مکمل طور پر ڈیجیٹل مردم شماری ہوگی۔
پریزنٹیشن میں مردم شماری مینجمنٹ اینڈ مانیٹرنگ سسٹم (CMMS)، شہریوں کے لیے سیلف اینومریشن کی سہولت اور ذات پر مبنی شمار (کاسٹ اینومریشن) جیسے بڑے نئے اقدامات کو اجاگر کیا گیا۔اس کے علاوہ مردم شماری کے مختلف مراحل، جن میں تربیت، سیلف اینومریشن، گھروں کی فہرست سازی اور آبادی کی گنتی شامل ہیں، ان کی ترتیب اور تفصیلی ٹائم لائن پر بھی روشنی ڈالی گئی۔
فیلڈ سطح پر مؤثر عمل درآمد کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے اجلاس میں یوٹی، ضلع اور چارج سطح پر مردم شماری 2027 کے لیے افرادی قوت کی تیز رفتار بھرتی کی منظوری دی گئی۔ڈپٹی کمشنروں کو ہدایت دی گئی کہ وہ ضلعی سطح پر مردم شماری سیلز قائم کریں اور رابطہ، تربیت اور نگرانی کے لیے افسران نامزد کریں۔ اس کے ساتھ ساتھ ماسٹر ٹرینرز، سپروائزرز اور اینومریٹرز کی بروقت نشاندہی کی بھی ہدایات جاری کی گئیں۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چیف سیکریٹری نے انتظامیہ اور مردم شماری ڈائریکٹوریٹ کے درمیان قریبی تال میل کی ضرورت پر زور دیا اور تمام ڈپٹی کمشنروں کو ہدایت دی کہ وہ مردم شماری کے عمل کو ہموار، درست اور بروقت مکمل کرنے کے لیے مکمل تعاون فراہم کریں۔انہوں نے مردم شماری کے کامیاب انعقاد کے لیے حکومت کی مکمل حمایت کا یقین دلایا۔
جموں و کشمیر میں مردم شماری 2027 کی تیاریوں کا آغاز، یکم جون سے شروع ہوگاگھروں کی فہرست سازی کا عمل