ظفراقبال
اوڑی/اوڑی میں سنیچر کی شام دیر گئے بارہمولہ سے اوڑی کی طرف آنے والی ایک بلینو گاڑی (نمبر JK05L-3028) راجروانی کے مقام پر پسیاں اور پتھروں کی زد میں آکر حادثے کا شکار ہوگئی۔ حادثے میں گاڑی کو شدید نقصان پہنچا جبکہ ڈرائیور زخمی ہوا۔
زخمی ڈرائیور کی شناخت محمد افتخار میر ولد حفیظ اللہ میر، ساکن سلطان ڈھکی کے طور پر ہوئی ہے۔ اسے فوری طور پر سب ڈسٹرکٹ اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد اسے گھر جانے کی اجازت دے دی گئی۔
ایک سینئر پولیس افسر نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ پسیاں اور پتھر گرنے کے واقعات بارہمولہ–اوڑی قومی شاہراہ پر جاری سڑک کشادگی کے کام کے باعث پیش آ رہے ہیں۔
مقامی لوگوں نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سڑک کی توسیع کے دوران کئی مقامات پر زمین کھسکنے کے واقعات بڑھ گئے ہیں، جو مسافروں کے لیے سنگین خطرہ بن چکے ہیں۔ انہوں نے متعلقہ تعمیراتی کمپنی سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ کام کو منظم اور محفوظ طریقے سے انجام دے تاکہ آئندہ کسی جانی یا مالی نقصان سے بچا جا سکے۔
بارہمولہ–اوڑی شاہراہ پر پسی گرآئی، بلینو گاڑی کو حادثہ، ڈرائیور معجزاتی طور پر محفوظ