عظمیٰ ویب ڈیسک
نئی دہلی/وزیراعظم نریندر مودی کی زیر صدارت کابینہ کمیٹی برائے اقتصادی امور نے سری نگر انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے سول انکلیو کی ترقی اور توسیع کے منصوبے کی منظوری دے دی ہے۔ اس منصوبے پر تخمینہ 1,677 کروڑ روپے لاگت آئے گی اور اسے وادی کشمیر میں ہوا بازی کے بنیادی ڈھانچے اور رابطہ کاری کو مضبوط بنانے کی جانب ایک اہم سنگِ میل قرار دیا جا رہا ہے۔منصوبے میں سیکورٹی اہلکاروں کے لیے بیرکس کی تعمیر بھی شامل ہے۔ یہ ایئرپورٹ، جسے 2005 میں بین الاقوامی درجہ دیا گیا تھا، بھارتی فضائیہ کے بڈگام ایئربیس کے اندر واقع ہے اور اسے ایئرپورٹس اتھارٹی آف انڈیا چلاتی ہے۔ یہ ایئرپورٹ سری نگر شہر سے تقریباً 12 کلومیٹر کے فاصلے پر واقع ہے۔
نیا سول انکلیو منصوبہ 73.18 ایکڑ رقبے پر محیط ہوگا، جس میں جدید طرز کا ٹرمینل بلڈنگ تعمیر کیا جائے گا۔ یہ ٹرمینل 71,500 مربع میٹر رقبے پر مشتمل ہوگا (جس میں 20,659 مربع میٹر موجودہ ڈھانچہ شامل ہے) اور اسے اس انداز سے ڈیزائن کیا گیا ہے کہ یہ مصروف اوقات میں 2,900 مسافروں کو سنبھال سکے گا جبکہ سالانہ 10 ملین مسافروں کی گنجائش (MPPA) فراہم کرے گا۔توسیع شدہ ایپرن میں 15 طیاروں کی پارکنگ کی سہولت ہوگی جن میں ایک وائیڈ باڈی (کوڈ ) طیارہ بھی شامل ہوگا (9 موجودہ اور 6 مجوزہ)، جبکہ 3,658 میٹر لمبا اور 45 میٹر چوڑا رن وے بدستور بھارتی فضائیہ کے زیرِ استعمال رہے گا۔ اس منصوبے کے تحت ایک ہزار گاڑیوں کی گنجائش پر مشتمل ملٹی لیول کار پارکنگ بھی تعمیر کی جائے گی۔
نئے ٹرمینل کی تعمیر میں جدید طرزِ تعمیر کے ساتھ ساتھ کشمیری ثقافت کی جھلک بھی نمایاں ہوگی، جس میں روایتی لکڑی کے نفیس کام اور مقامی دستکاری کو شامل کیا جائے گا۔ اس کے ساتھ ساتھ مسافروں کے لیے کشادہ لاؤنجز، جدید سیکیورٹی نظام اور چیک اِن سہولیات فراہم کی جائیں گی تاکہ آپریشنل کارکردگی کو یقینی بنایا جا سکے۔ماحولیاتی تحفظ کو مدنظر رکھتے ہوئے منصوبے میں جدید واٹر ہارویسٹنگ سسٹم، قدرتی روشنی کے زیادہ سے زیادہ استعمال اور مقامی ماحول دوست مواد کے استعمال کو ترجیح دی جائے گی تاکہ کاربن فٹ پرنٹ کم سے کم رکھا جا سکے۔ اس منصوبے کا ہدف 5 اسٹار GRIHA ریٹنگ حاصل کرنا ہے۔
ماہرین کے مطابق اس منصوبے سے نہ صرف ہوائی رابطے میں بہتری آئے گی بلکہ سیاحت اور معیشت کو بھی فروغ ملے گا۔ ڈل جھیل، شنکراچاریہ مندر اور مغل باغات جیسے سیاحتی مقامات تک رسائی مزید آسان ہوگی، جس سے روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے، سرمایہ کاری میں اضافہ ہوگا اور سری نگر کو ایک نمایاں سیاحتی و معاشی مرکز کے طور پر مزید مستحکم کرنے میں مدد ملے گی۔سول انکلیو کی یہ توسیع عالمی معیار کی سہولیات فراہم کرنے اور کشمیر کی ثقافتی و قدرتی خوبصورتی کو دنیا کے سامنے بہتر انداز میں پیش کرنے کی جانب ایک اہم اور انقلابی قدم قرار دی جا رہی ہے۔
سری نگر میں 1,667 کروڑ روپے کی لاگت سے نئے مربوط ایئرپورٹ ٹرمنل کی تعمیر کو مرکزی کابینہ کی منظوری