عظمیٰ ویب ڈیسک
بارہمولہ/شمالی کشمیر کے ضلع بارہمولہ کے اپر گلمرگ علاقے میں ایک افسوسناک واقعے میں فوج کے دو پورٹر نالہ میں گرنے کے بعد جاں بحق پائے گئے۔ حکام نے جمعہ کے روز اس واقعے کی تصدیق کی۔
حکام کے مطابق یہ حادثہ جمعرات کی شام اُس وقت پیش آیا جب دونوں پورٹر شدید برف باری کے باعث موسمِ سرما میں منقطع رہنے والی فارورڈ پوسٹ’’انیتا پوسٹ‘‘کی طرف جا رہے تھے۔ برف سے ڈھکے اور پھسلن بھرے راستے پر چلتے ہوئے دونوں توازن برقرار نہ رکھ سکے اور نالہ میں جا گرے۔
واقعے کے فوراً بعد ریسکیو ٹیموں کو متحرک کیا گیا اور انتہائی خراب موسمی حالات، بھاری برف اور دشوار گزار علاقے کے باوجود تلاشی آپریشن شروع کیا گیا۔ مسلسل کوششوں کے بعد دونوں پورٹرز کی لاشیں برآمد کر لی گئیں۔جاں بحق ہونے والوں کی شناخت لیاقت احمد دیدارولد غلام محمد دیدار، ساکن مسجد آگان چندوسہ، اوراشفاق احمد کھٹانہ ولد جمال الدین کھٹانہ، ساکن پچر چندوسہ، ضلع بارہمولہ کے طور پر کی گئی ہے۔ حکام نے بتایا کہ واقعے سے متعلق مزید قانونی کارروائی حسبِ ضابطہ جاری ہے۔
اپر گلمرگ کے قریب نالہ میں گرنے سے دو فوجی پورٹر جاں بحق