عشرت حسین بٹ
پونچھ// ضلع پونچھ کی تحصیل منڈی کے راجپورہ علاقے میں پیش آئے ایک المناک سڑک حادثے میں قوت بصارت سے محروم پونچھ کے معروف گلوکار نظیر حسین جاں بحق ہوگئے۔
پولیس ذرائع کے مطابق گزشتہ شب ایک ٹاٹا میجک زیر نمبر JK12E پونچھ سے بلنوئی کی جانب جا رہی تھی۔ گاڑی میں سوار معروف نابینا گلوکار نظیر حسین ولد محمد شفیع ساکن کامسر پونچھ، بلنوئی میں ایک شادی کی تقریب میں شرکت کیلئے جا رہے تھے کہ راجپورہ محلہ کازیاں کے نزدیک گاڑی ڈرائیور کے قابو سے باہر ہو کر حادثے کا شکار ہوگئی۔
حادثے میں نظیر حسین شدید زخمی ہوگئے، جنہیں فوری طور پر علاج کیلئے سب ضلع اسپتال منڈی منتقل کیا گیا۔ ابتدائی طبی امداد کے بعد انہیں مزید علاج کیلئے ضلع اسپتال پونچھ منتقل کیا گیا، تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے۔
اس حوالے سے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ضلع اسپتال پونچھ ڈاکٹر شفیق نے بتایا کہ متوفی کو دیر رات سب ضلع اسپتال منڈی سے ضلع اسپتال پونچھ لایا گیا تھا، جہاں وہ دورانِ علاج فوت ہوگئے۔ انہوں نے کہا کہ ضروری قانونی کارروائی مکمل کرنے کے بعد میت ورثا کے سپرد کر دی گئی۔
ادھر پولیس تھانہ منڈی میں اس سلسلے میں ایک مقدمہ درج کرکے مزید تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔
منڈی سڑک حادثہ: پونچھ کے معروف گلوکار جاں بحق