عظمیٰ ویب ڈیسک
جموں/پیپلز کانفرنس کے صدر سجاد غنی لون نے بدھ کے روز کہا ہے کہ لینڈ گرانٹس ایکٹ میں ترمیم سے متعلق پیش کیا گیا بل کشمیر کے سپر ایلیٹ کو فائدہ پہنچانے کے لیے لایا گیا ہے۔سماجی رابطہ ویب سائٹ ایکس پر اپنے بیان میں سجاد لون نے کہا کہ ’’یہ بل کشمیر کے سپر ایلیٹ کی مدد کے لیے بنایا گیا ہے۔‘‘انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ نے ایک پرائیویٹ ممبر بل پیش کرنے کی اجازت دی اور حکومت نے اس کی مخالفت نہیں کی۔ ان کے مطابق یہ بل سرکاری زمینوں کی لیز میں توسیع سے متعلق ہے، جو پہلے ہی ختم ہو چکی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ کشمیر کی مہنگی ترین جائیدادوں سے متعلق ہے جن کی مالیت ان کے اندازے کے مطابق 70 ہزار کروڑ سے ایک لاکھ کروڑ روپے یا اس سے بھی زیادہ ہو سکتی ہے۔
لون نے سوال اٹھایا کہ اس بل میں غریب طبقے کے لیے کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ لاکھوں غریب خاندان 2 یا 3 مرلہ یا زیادہ سے زیادہ ایک کنال زمین پر اپنے مکانات بنا چکے ہیں، مگر وہ آج بھی مشکلات اور دباؤ کا سامنا کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا، کیا یہ لوگ کسی بل کے مستحق نہیں ہیں؟سجاد لون نے واضح کیا کہ وہ بل کی مخالفت نہیں کر رہے، تاہم ان کا کہنا تھا کہ اس سے فائدہ صرف امیر طبقے کو ہوگا۔انہوں نے حکومت سے یہ بھی مطالبہ کیا کہ وہ یہ تفصیلات سامنے لائے کہ سرکاری زمین کتنے کنال پر محیط ہے جو لیز پر دی گئی ہے، اور اب تک لیز ہولڈرز نے کتنی رقم ادا کی ہے۔
لینڈ گرانٹس ترمیمی بل امیر طبقے کو فائدہ پہنچانے کیلئے لایا گیا: سجاد غنی لون