محمد تسکین
بانہال// ضلع رام بن کے چندرکوٹ میں واقع بغلیہار ڈیم میں جمع شدہ ریت ، مٹی اور چناب میں بہہ آئی لکڑی کو نکالنے کے لیے بڑے پیمانے پر ڈیم کی صفائی کا عمل شروع کر دیا گیا ہے ۔ اسی سلسلے میں اتوار کی صبح ساڑھے نو بجے سے ڈیم کے تمام گیٹ کھول دئیے گئے، جس کے نتیجے میں دریائے چناب میں کیچڑ آلودہ پانی ، لکڑی اور بھاری مقدار میں ملبہ بہہ رہا ہے ۔حکام کا کہنا ہے کہ یہ اقدام ڈیم کی مجموعی صلاحیت کو بہتر بنانے، پانی کے معمول کے بہاؤ کو بحال رکھنے اور مستقبل میں کسی بھی ممکنہ رکاوٹ یا سیلابی خطرے سے بچاؤ کے لیے اٹھایا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وقت کے ساتھ ساتھ ڈیم میں بھاری مقدار میں ملبہ پر مشتمل ریت اور لکڑی جمع ہو جاتی ہے اور اسے باقاعدہ نکالنا انتہائی ضروری ہوتا ہے۔
جموں و کشمیر پاور ڈیولپمنٹ کارپوریشن کے ایک عہدیدار نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ صفائی کا عمل اتوار کی صبح 9:30 بجے شروع کیا گیا ہے جس کے بعد بغلیہار پن بجلی پروجیکٹ سے بجلی کی پیداوار عارضی طور پر مکمل طور پر بند کر دی گئی ہے۔انتظامیہ نے دریا کے کنارے آباد لوگوں سے اپیل کی ہے کہ وہ احتیاط برتیں اور کسی بھی صورت دریا کے قریب نہ جائیں کیونکہ پانی کی سطح میں اچانک اضافہ ہو سکتا ہے۔ ضلعی حکام صورتحال پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہیں تاکہ کسی بھی ہنگامی حالت سے بروقت نمٹا جا سکے۔بغلیہار پن بجلی پروجیکٹ کو نو سو میگاواٹ بجلی پیدا کرنے کی صلاحیت ہے لیکن سردیوں کے موسم۔میں پانی کی سطح گر جانے سے بجلی کی پیداوار بھی گر جاتی ہے اور۔مشکل سے تین سو سے چار سو میگاواٹ بجلی پیدا ہوتی ہے۔
بغلیہار ڈیم رام بن کی صفائی مہم شروع ،ریت ملبہ اور دیگر جمع شدہ مواد نکالنے کیلئے ڈیم کے تمام گیٹ کھول دیئے گئے