عظمیٰ ویب ڈیسک
سری نگر/اونتی پورہ پولیس نے بدھ کے روز ضلع میں ایک خصوصی ٹریفک مہم کے دوران اُن گاڑیوں کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جو خرید و فروخت کے بعد بھی باقاعدہ طور پر نئی ملکیت کے نام منتقل نہیں کی گئی تھیں۔پولیس کے مطابق ضلع کے مختلف حساس اور مصروف مقامات پر متعدد خصوصی چیکنگ ٹیمیں تعینات کی گئیں۔ اس دوران ایسی کئی گاڑیاں پکڑی گئیں جن کے ملکیتی کاغذات خریدار کے نام پر منتقل نہیں کیے گئے تھے اور وہ پرانے مالکان کے نام پر ہی روڈ پر رواں دواں تھیں۔ پولیس نے موقع پر ہی کئی گاڑیوں کو ضبط کیا اور متعلقہ ڈرائیوروں و مالکان کے خلاف موٹر وہیکلز ایکٹ کے تحت کارروائی شروع کردی گئی۔
ایک سینئر پولیس افسر نے بتایا کہ گاڑی کی خرید و فروخت کے بعد ٹرانسفر آف اونرشِپ کرانا قانونی طور پر لازمی ہے، اور اس میں تاخیر نہ صرف خلاف قانون ہے بلکہ حادثات، انشورنس معاملات اور دیگر قانونی پیچیدگیوں کی صورت میں سنگین مشکلات کا سبب بن سکتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ عوام کی سہولت اور قانون کی عملداری کو یقینی بنانے کے لیے اس طرح کی چیکنگ مہمات آئندہ دنوں میں بھی جاری رہیں گی۔اونتی پورہ پولیس نے گاڑی مالکان سے اپیل کی کہ وہ کسی بھی خرید و فروخت کے فوراً بعد ملکیت کی منتقلی کی قانونی کارروائی مکمل کریں، تاکہ مستقبل میں اُنہیں کسی بھی قسم کی قانونی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ پولیس نے یہ بھی واضح کیا کہ قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی بلا امتیاز جاری رہے گی۔
اونتی پورہ پولیس کی خصوصی کارروائی، متعدد گاڑیاں ضبط