عظمیٰ ویب ڈیسک
سری نگر/ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے گاندربل ضلع کے بالائی علاقوں کے لئے بھاری برفانی تودے گرنے کا انتباہ جاری کیا ہے۔
اتھارٹی کے مطابق آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران دو ہزار تین سو میٹر سے اوپر کے علاقوں میں اونچے درجے کا برفانی تودہ گرنے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے جس کے سبب عوام کو تاکید کی گئی ہے کہ وہ ایسے مقامات کا رخ کرنے سے مکمل گریز کریں جو برفانی تودوں کے خطرے کی زد میں آتے ہیں۔
مسلسل برف باری اور کم درجہ حرارت کے باعث پہاڑی ڈھلوانوں میں برف کی کمزور پرتیں کسی بھی وقت کھسک سکتی ہیں جس سے جان و مال کو شدید خطرہ لاحق ہو سکتا ہے۔
ضلعی انتظامیہ نے لوگوں سے اپیل کی ہے کہ وہ غیر ضروری سفر نہ کریں، بالائی دیہات کی طرف نہ جائیں اور صرف سرکاری ہدایات پر ہی عمل کریں۔ کسی بھی ہنگامی صورتحال کی صورت میں شہریوں کو ایمرجنسی ہیلپ لائن 112 پر فوری رابطہ کرنے کی ہدایت دی گئی ہے تاکہ بروقت امداد فراہم کی جا سکے۔
گاندربل میں برفانی تودے گر نے کی وارننگ جاری