عظمیٰ ویب ڈیسک
سری نگر/بھارتیہ جنتا پارٹی کے جنرل سیکریٹری اشوک کول نے اتراکھنڈ میں ایک کم عمر کشمیری شال فروش پر حملے کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے ’’افسوسناک اور غلط‘‘ قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے ہر شہری کو یہ حق حاصل ہے کہ وہ بھارت کے کسی بھی حصے میں سفر کرے اور کاروبار کرے۔بی جے پی کے سینئر لیڈر نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی اور مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ پہلے ہی اس واقعے کی مذمت کر چکے ہیں اور بی جے پی پارٹی بھی اس کی بلا شرط مذمت کرتی ہے۔
اشوک کول نے میڈیا نمائندوں سے بات کرتے ہوئے کہا، ہمارا ملک ایک ہے اور ایسے واقعات پیش نہیں آنے چاہئیں۔انہوں نے بتایا کہ جموں و کشمیر کے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے بھی اتراکھنڈ کے اپنے ہم منصب سے اس معاملے پر بات کی ہے، جبکہ بی جے پی نے بھی وہاں اپنی ریاستی یونٹ کے ذریعے اس معاملے کو اٹھایا ہے۔
جموں کے لیے علیحدہ ریاست کے مطالبے سے متعلق سوال پر اشوک کول نے ایسی کسی بھی تجویز کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ پارٹی جموں و کشمیر کو ایک ہی اکائی سمجھتی ہے۔انہوں نے کہا، ایسی کوئی تجویز موجود نہیں ہے۔ یہ بات صرف ایک دو افراد نے کہی ہے۔ ہماری قومی جنرل سیکریٹری پہلے ہی واضح بیان دے چکے ہیں کہ جموں و کشمیر ایک ہے۔اشوک کول نے کہا کہ وہ متعدد بار یہ واضح کر چکے ہیں کہ جموں و کشمیر ایک ہے اور ایک ہی رہے گا۔انہوں نے مزید کہا،ہم اسے تقسیم ہونے کی اجازت نہیں دیں گے۔ اسے دو حصوں میں نہیں بانٹا جائے گا۔
کشمیری شال فروش پر حملہ افسوسناک : اشوک کول