عظمیٰ ویب ڈیسک
سری نگر/ نیشنل کانفرنس کے صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ پر بدھ کی شب شادی کی تقریب کے دوران ہونے والی فائرنگ کی کوشش پر سیاسی سطح پر سخت ردِعمل سامنے آیا ہے۔ نیشنل کانفرنس کے رکنِ پارلیمان آغا روح اللہ مہدی نے اس حملے کی شدید مذمت کی ہے اور اسے قابلِ نفرت و تشویش ناک قرار دیا ہے۔
ڈاکٹر فاروق عبداللہ، جو 88 برس کے ہیں، اس وقت بال بال بچے جب کمل سنگھ جموال نامی شخص نے گریٹر کیلاش جموں میں اُن پر پیچھے سے فائرنگ کی۔ گولی کسی کو نہیں لگی اور سیکورٹی اہلکاروں نے بروقت کارروائی کر کے حملہ آور کو پکڑ لیا۔
پولیس کے مطابق ملزم گزشتہ 20 برس سے فاروق عبداللہ کو نشانہ بنانے کا موقع تلاش کر رہا تھا۔ آغا روح اللہ مہدی نے اپنے سرکاری ایکس ہینڈل پر لکھا:’یہ انتہائی قابلِ مذمت اور افسوسناک واقعہ ہے۔ ڈاکٹر فاروق عبداللہ اور نائب وزیراعلیٰ سریندر چودھری پر فائرنگ جمہوری اقدار پر کھلا حملہ ہے۔ ایسے واقعات شدید تشویش کا باعث ہیں اور ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی ہونی چاہیے۔‘ مہدی، جو بعض امور پر اپنی ہی جماعت سے اختلافات کا اظہار کرتے رہے ہیں، نے کہا کہ سیاسی رہنماؤں پر حملے کسی بھی باشعور معاشرے میں ناقابلِ قبول ہیں۔
ڈاکٹرفاروق عبداللہ پر حملہ جمہوری اقدار پر حملہ: آغا روح اللہ مہدی