عظمیٰ ویب ڈیسک
سرینگر// سرینگر کے بالائی علاقوں میں ایک سرچ آپریشن کے دوران جمعہ کو ایک فوجی اہلکار دل کا دورہ پڑنے سے جاں بحق ہوگیا۔ حکام کے مطابق، یہ واقعہ ہارون کے جنگلاتی علاقے میں پیش آیا۔
تلاشی آپریشن منگل کو دلگام کے قریب ایک تصادم کے بعد جاری تھا جس میں لشکر طیبہ کے ملی ٹینٹ جنید احمد بٹ کو ہلاک کیا گیا تھا۔ جنید بٹ لشکر طیبہ کا زمرہ “اے” کا ملی ٹینٹ تھا اور 20 اکتوبر کو گگن گیر، گاندربل میں ٹنل کی تعمیراتی سائٹ کے قریب ہونے والے حملے میں ملوث تھا، جس میں ایک مقامی ڈاکٹر اور چھ غیر مقامی مزدور جاں بحق ہوئے تھے۔
جمعہ کی صبح ہارون کے فقیر گجری، دارا علاقے میں ملی ٹینٹوں کی تلاش کے دوران، فوج کے 34 آسام رائفلز کا جوان جسویندر سنگھ دل کا دورہ پڑنے سے جاں بحق ہوگیا۔
منگل کے تصادم کے بعد سے سیکیورٹی فورسز وسیع جنگلاتی علاقے میں سرچ آپریشن جاری رکھے ہوئے ہیں تاکہ ملی ٹینٹوں کا سراغ لگایا جا سکے۔