عظمیٰ ویب ڈیسک
نئی دہلی/وزارتِ پنچایتی راج کی جانب سے ریاستی مالیاتی کمیشنوں کیلئے ڈیٹا سیٹس سے متعلق کمیٹی کی رپورٹ 8 جون 2026 کو نئی دہلی میں منعقد ہونے والی ایک تقریب کے دوران جاری کی جائے گی۔ حکومتِ ہند کے چیف اکنامک ایڈوائزر ڈاکٹر وی۔ اننتھا ناگیشورن اس رپورٹ کی رونمائی کریں گے۔ اس موقع پر وزارتِ پنچایتی راج کے سیکریٹری شری وویک بھاردواج، نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف پبلک فنانس اینڈ پالیسی (NIPFP) کے ایسوسی ایٹ پروفیسر ڈاکٹر منیش گپتا، سینئر افسران، تحقیقی اداروں اور پالیسی ساز اداروں کے نمائندے بھی موجود ہوں گے۔
رپورٹ کی اجرائی کے بعد چیف اکنامک ایڈوائزر ’’ڈیٹا پر مبنی پالیسی سازی اور شواہد پر مبنی مالیاتی حکمرانی‘‘ کے موضوع پر کلیدی خطاب کریں گے، جس میں مقامی خود اختیاری اداروں کو مضبوط بنانے اور جامع ترقی کیلئے مؤثر ڈیٹا کے کردار پر روشنی ڈالی جائے گی۔
وزارت کے مطابق یہ رپورٹ بھارت میں مالیاتی اختیارات کی نچلی سطح تک منتقلی کے عمل کو مضبوط بنانے کی جانب ایک اہم پیش رفت تصور کی جا رہی ہے۔ آئینِ ہند کے آرٹیکل 243-I کے تحت قائم ریاستی مالیاتی کمیشنوں کو پنچایتی راج اداروں کی مالی حالت کا جائزہ لینے اور مقامی حکومتوں کیلئے مالی وسائل کی تقسیم کے اصول مرتب کرنے کی آئینی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ان کمیشنوں کیلئے مقامی حکومتوں کے مالی معاملات، آبادی، بنیادی ڈھانچے، عوامی خدمات اور اثاثہ جاتی نظام سے متعلق بروقت، مستند اور تفصیلی ڈیٹا تک رسائی نہایت ضروری ہے تاکہ وہ اپنی ذمہ داریاں مؤثر اور شفاف انداز میں انجام دے سکیں۔
وزارت نے یہ کمیٹی نومبر 2024 میں منعقدہ ’’ڈیولیوشن ٹو ڈیولپمنٹ‘‘ کانکلیو کے دوران سامنے آنے والے خدشات کے بعد تشکیل دی تھی۔ اس اجلاس کی قیادت سولہویں مالیاتی کمیشن کے چیئرمین نے کی تھی، جہاں مختلف محکموں اور اداروں سے جامع ڈیٹا کے حصول میں دشواری کو ریاستی مالیاتی کمیشنوں کی سفارشات کے معیار اور بروقت تکمیل میں ایک بڑی رکاوٹ قرار دیا گیا تھا۔
رپورٹ میں ریاستی مالیاتی کمیشنوں کیلئے درکار اہم ڈیٹا سیٹس کی جامع نشاندہی کی گئی ہے اور ڈیٹا کی دستیابی، معیاری نظام، باہمی ربط اور ادارہ جاتی صلاحیتوں کو بہتر بنانے کیلئے قابلِ عمل سفارشات پیش کی گئی ہیں۔ توقع کی جا رہی ہے کہ یہ رپورٹ ریاستی حکومتوں، مالیاتی کمیشنوں، آئینی اداروں، اقتصادی محققین اور مقامی مالیاتی نظام کو مضبوط بنانے کے خواہاں تمام حلقوں کیلئے ایک مستند حوالہ ثابت ہوگی۔
ریاستی مالیاتی کمیشنوں کے لیے اعداد و شمار (ڈیٹا سیٹس) پر مبنی رپورٹ 8 جون کو جاری کی جائے گی