راجا ارشاد احمد
گاندربل/پولیس اسٹیشن گاندربل نے اسپیشل آپریشنز گروپ (ایس او جی) گاندربل کے ساتھ مل کر بدھ کے روز ضلع گاندربل میں ایک کارروائی کے دوران اسلحہ، دھماکہ خیز مواد اور بھاری مقدار میں نقدی برآمد کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔حکام کے مطابق برآمد شدہ سامان میں ایک چینی پستول، ایک میگزین، چار زندہ کارتوس اور دو دستی بم شامل ہیں۔ اس کے علاوہ کارروائی کے دوران 8.40 لاکھ روپے نقدی بھی ضبط کی گئی۔پولیس ذرائع نےبتایا کہ یہ برآمدگی دو افراد کے قبضے سے عمل میں آئی، جن کی شناخت غلام نبی میر ساکن بنگر محلہ، حاجن ضلع بانڈی پورہ اور شبنم نذیر ساکن شالاباغ، گاندربل کے طور پر کی گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق دونوں ملزمان کو گنڈ رحمان پل کے نزدیک گاندربل میں ایک آٹو رکشا (رجسٹریشن نمبر JK15B-7309) میں سفر کے دوران روکا گیا۔ تلاشی کے دوران قانونی ضابطوں پر عمل کرتے ہوئے اسلحہ، دھماکہ خیز مواد اور نقدی برآمد کی گئی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ اس معاملے میں پولیس اسٹیشن گاندربل میں ایف آئی آر نمبر 204/2025 درج کی گئی ہے، جس میں غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام کے قانون (یو اے پی اے) کی دفعہ 13 اور انڈین آرمز ایکٹ کی دفعات 7 اور 25 کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ پولیس نے مزید کہا کہ برآمد شدہ اسلحہ، دھماکہ خیز مواد اور نقدی کے ذرائع اور ممکنہ طور پر عسکریت پسند یا مجرمانہ نیٹ ورکس سے تعلقات کا پتہ لگانے کے لیے تفتیش جاری ہے۔
گاندربل میں پولیس کی کارروائی :اسلحہ، دستی بم اور نقدی برآمد، دو افراد گرفتار