عظمیٰ ویب ڈیسک
سری نگر/جموں و کشمیر اینٹی کرپشن بیورو (اے سی بی) نے جمعہ کے روز جنوبی کشمیر کے ضلع اننت ناگ میں ضلع ترقیاتی کمیشنر دفتر کے اندر رشوت لیتے ہوئے دیہی ترقیاتی محکمہ کے ایک ملازم کو رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا۔حکام کے مطابق گرفتار کیے گئے شخص کی شناخت منظور اہنگر ولد محمد رفیق، ساکن سرنڈو ، اچھہ بل، اننت ناگ کے طور پر ہوئی ہے، جو دیہی ترقیاتی محکمہ میں بطور ہیلپرکام کر رہا تھا۔
اے سی بی کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ ملزم نے سرکاری کام انجام دینے کے عوض ایک شکایت کنندہ سے چار ہزار روپے رشوت کا مطالبہ کیا تھا۔ شکایت موصول ہونے کے بعد معاملے کی جانچ پڑتال کی گئی اور اس کے بعد جال بچھایا گیا۔
اے سی بی کی ٹیم نے ڈپٹی کمشنر آفس اننت ناگ میں کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو رشوت کی رقم وصول کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں پکڑ لیا۔ ملزم کو فوری طور پر حراست میں لے لیا گیا اور اس کے قبضے سے رشوت کی رقم برآمد کر لی گئی۔عہدیدار نے مزید کہا کہ اس سلسلے میں ایک مقدمہ درج کر لیا گیا ہے اور مزید تفتیش جاری ہے تاکہ یہ معلوم کیا جا سکے کہ آیا اس معاملے میں دیگر اہلکار بھی ملوث تھے یا ملزم نے دیگر افراد سے بھی اسی نوعیت کے مطالبات کیے تھے۔
اننت ناگ میں اینٹی کروپشن بیورو کی کارروائی ،ضلع ترقیاتی کمیشنر دفتر میں رشوت لیتے ہوئے محکمہ دیہی ترقی ملازم رنگے ہاتھوں گرفتار