عظمیٰ ویب ڈیسک
اننت ناگ/اننت ناگ پولیس نے گورنمنٹ میڈیکل کالج دیلگام میں پیش آئے چوری کے ایک معاملے کو کامیابی کے ساتھ حل کرتے ہوئے ایک ملزم کو گرفتار کر لیا ہے جبکہ چوری شدہ الیکٹرانک سامان بھی برآمد کر لیا گیا ہے۔پولیس کے ایک ترجمان نے بدھ کے روز بتایا کہ اننت ناگ پولیس نے ریکارڈ وقت میں چوری کے اس کیس کو حل کیا۔ برآمد شدہ سامان میں ایک ڈیسک ٹاپ کمپیوٹر، ایک اعلیٰ معیار کا لیپ ٹاپ اور دیگر الیکٹرانک لوازمات شامل ہیں۔
ترجمان کے مطابق شکایت موصول ہونے کے فوراً بعد پولیس پوسٹ دیلگام نے فوری کارروائی کرتے ہوئے باریک بینی سے تحقیقات شروع کیں۔ دورانِ تفتیش کئی مشتبہ افراد کی بینک ٹرانزیکشن تفصیلات متعلقہ بینکوں سے حاصل کی گئیں اور ان کا مکمل تجزیہ کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ تجزیے کے دوران دو افراد کی مالی لین دین مشکوک پائی گئی، جس کے بعد تفتیشی ٹیم ملزمان تک پہنچنے میں کامیاب ہوئی۔مسلسل پوچھ گچھ کے دوران ایک مشتبہ شخص کی شناخت فہد بلال ولد بلال احمد کے طور پر ہوئی، جس نے اپنے جرم کا اعتراف کرتے ہوئے بتایا کہ اس نے یہ واردات ایک اور ملزم اعزان بھٹ ساکن مومن آباد کے ساتھ مل کر انجام دی۔
ملزم کے انکشاف پر پولیس نے تمام مسروقہ الیکٹرانک سامان بشمول ڈیسک ٹاپ کمپیوٹر، اعلیٰ معیار کے لیپ ٹاپ اور دیگر لوازمات برآمد کر لیے۔اس سلسلے میں متعلقہ پولیس اسٹیشن میں ایف آئی آر نمبر 142/2026 کے تحت بھارتیہ نیائے سنہتا (BNS) کی دفعات 331 اور 305(E) کے تحت مقدمہ پہلے ہی درج کیا جا چکا ہے جبکہ مزید تحقیقات جاری ہیں۔اننت ناگ پولیس نے کہا ہے کہ وہ عوامی املاک کے تحفظ اور جرائم میں ملوث افراد کے خلاف فوری کارروائی کو یقینی بنانے کے لیے پُرعزم ہے۔
اننت ناگ پولیس نے چوری معاملہ حل کرکے ملزم کوکیاگرفتار، مال مسروقہ برآمد کر لیا