عظمیٰ ویب ڈیسک
جموں/چیف پرنسپل سینسس آفیسر (CPCO) اور ڈائریکٹر سینسس آپریشنز (DCO) وزارتِ داخلہ حکومتِ ہند، امت شرما (آئی اے ایس) نے جموں میں منعقدہ ایک تقریب کے دوران مردم شماری 2027 کے روڈ میپ اور اس کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے عوامی شرکت پر زور دیا۔
روٹری کلب جموں سٹی کی جانب سے فورٹس اسپتال گڑگاؤں کے اشتراک سے منعقدہ ہیلتھ ٹاک میں بطور مہمانِ خصوصی خطاب کرتے ہوئے امت شرما نے کہا کہ مردم شماری 2027 ملک کی پہلی مکمل طور پر ڈیجیٹل مردم شماری ہوگی، جس کا مقصد درست، بروقت اور تفصیلی اعداد و شمار فراہم کرنا ہے تاکہ مؤثر پالیسی سازی اور بہتر طرزِ حکمرانی کو یقینی بنایا جا سکے۔
انہوں نے بتایا کہ جموں و کشمیر میں مردم شماری دو مراحل میں مکمل کی جائے گی۔ پہلا مرحلہ ہاؤس لسٹنگ آپریشنز (HLO) اور ہاؤسنگ سینسس یکم جون سے 30 جون 2026 تک جاری رہے گا، جبکہ اس سے قبل 17 مئی سے 31 مئی 2026 تک سیلف اینیومریشن کی سہولت دستیاب ہوگی۔ دوسرا مرحلہ، یعنی آبادی کی گنتی (Population Enumeration)، فروری 2027 میں انجام دی جائے گی، جبکہ برف پوش علاقوں میں یہ عمل ستمبر 2026 میں مکمل کیا جائے گا۔
امت شرما نے کہا کہ ڈیٹا جمع کرنے کے لیے موبائل ایپلیکیشنز استعمال کی جائیں گی جن میں خودکار جانچ کے نظام موجود ہوں گے تاکہ معلومات کی درستگی یقینی بنائی جا سکے۔ شہریوں کو سیلف اینیومریشن پورٹل کے ذریعے خود بھی اپنی معلومات درج کرنے کا موقع دیا جائے گا، جس سے عمل مزید شفاف اور آسان بنے گا۔
انہوں نے مردم شماری کے ڈیٹا کو حکمرانی کی بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہی اعداد و شمار صحت، تعلیم، بنیادی ڈھانچے اور سماجی ترقی جیسے شعبوں میں پالیسی سازی، فلاحی اسکیموں کی مؤثر فراہمی اور وسائل کی منصفانہ تقسیم میں کلیدی کردار ادا کرتے ہیں۔
ڈیٹا سکیورٹی کے حوالے سے انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ مکمل رازداری کو یقینی بنانے کے لیے جدید حفاظتی اقدامات کیے گئے ہیں، جن میں اینڈ ٹو اینڈ انکرپشن اور محفوظ ڈیٹا سینٹرز شامل ہیں۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ بینک اکاؤنٹ، کریڈٹ کارڈ، پین یا آدھار جیسے حساس معلومات کسی کے ساتھ شیئر نہ کریں۔
آخر میں امت شرما نے عوام، بالخصوص روٹری کلب کے اراکین سے اپیل کی کہ وہ اپنے اپنے علاقوں میں بیداری پیدا کریں اور مردم شماری کے عمل میں مکمل تعاون کریں تاکہ درست اور جامع ڈیٹا حاصل کیا جا سکے۔ تقریب کے اختتام پر روٹری کلب جموں نے امت شرما کو اعزاز سے نوازا۔
ڈیجیٹل مردم شماری 2027: امت شرما نے عوامی شمولیت پر زور دیا