عظمیٰ ویب ڈیسک
جموں/مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے جمعہ کو کٹھوعہ کے بین الاقوامی سرحدی علاقوں کا دورہ کرکے بارڈر مینجمنٹ اور سیکورٹی انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ ان کا یہ دورہ ایسے وقت میں ہوا ہے جب خطے میں پے در پے ملی ٹینسی کارروائیوں اور دراندازی کی کوششوں نے سیکورٹی ایجنسیوں کو مزید چوکس کر دیا ہے۔ہیرا نگر سیکٹر میں واقع گُرنّم اور بوبیا کی اگلی چوکیوں پر پہنچ کر وزیر داخلہ نے بی ایس ایف اہلکاروں سے براہِ راست گفتگو کی، ان کے مسائل سنے اور سرحد کی نگرانی کے حوالے سے عملی بریفنگ حاصل کی۔ جوانوں نے انہیں حالیہ ہفتوں میں سرحد پار سے بڑھتی سرگرمیوں، اسمگلنگ نیٹ ورکس اور دراندازی کے بدلتے طریقوں سے متعلق آگاہ کیا، جبکہ امت شاہ نے انہیں یقین دلایا کہ حکومت بارڈر سیکیورٹی کو ہر سطح پر مضبوط بنانے کے لیے پُرعزم ہے۔
وزیر داخلہ جمعرات کی شب جموں پہنچے تھے جہاں لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا، وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ اور بی جے پی کے سینئر رہنماؤں نے ان کا استقبال کیا۔ جموں آمد کے فوراً بعد انہیں خطے کی مجموعی صورتحال، حالیہ انکاؤنٹرز اور انٹیلی جنس اطلاعات سے متعلق خفیہ اداروں نے بریف کیا۔ حکام کے مطابق گزشتہ دو ہفتوں میں کٹھوعہ، ادھم پور اور کشتواڑ میں ہونے والے تقریباً ایک درجن تصادم آرائیوں میں جیشِ محمد کے چار انتہائی تربیت یافتہ پاکستانی دہشت گردوں کی ہلاکت کے بعد سیکیورٹی ایجنسیوں نے سرحدوں اور اندرونی علاقوں دونوں میں کارروائیاں مزید تیز کر دی ہیں۔
کٹھوعہ میں اپنے دورے کے دوران امت شاہ نے بوبیا میں بی ایس ایف اہلکاروں کے لیے چھ فلاحی اور بنیادی سہولیات سے متعلق منصوبوں کا افتتاح بھی کیا۔ ان منصوبوں کا مقصد سرحدی علاقوں میں تعینات فورسز کی رہائش، صحت، انفراسٹرکچر اور فیلڈ سروسز کو بہتر بنانا ہے تاکہ بارڈر پر تعینات جوانوں کو ہر سطح پر سہولت مل سکے۔ انہوں نے اس موقع پر کہا کہ ملک کی سرحدوں کی حفاظت کرنے والے یہ جوان ہی قوم کے حقیقی محافظ ہیں اور حکومت ان کے لیے تمام ممکنہ وسائل فراہم کرتی رہے گی۔
وزیر داخلہ آج شام جموں کے لوک بھون میں اعلیٰ سطحی سیکورٹی جائزہ اجلاس کی صدارت کریں گے جہاں فوج، بی ایس ایف، سی آر پی ایف، پولیس اور انٹیلی جنس ایجنسیوں کے سربراہان شریک ہوں گے۔ اس اجلاس میں وادی اور جموں دونوں خطوں کی سیکیورٹی صورتحال، شہری علاقوں میں خطرات کا جائزہ، سرحدی دراندازی کے نئے رجحانات اور انسدادِ ملی ٹینسی حکمت عملی پر غور کیا جائے گا۔ہفتے کے روز وزیر داخلہ جموں و کشمیر کی ترقی، بنیادی ڈھانچے کی مضبوطی، سرحدی علاقوں میں بہبود کے منصوبوں اور سرمایہ کاری کے امکانات سے متعلق ایک جامع اجلاس کی بھی صدارت کریں گے۔ مختلف محکمے انہیں اپنی کارکردگی، جاری منصوبوں اور مستقبل کی ترجیحات سے متعلق تفصیلی رپورٹس پیش کریں گے۔
امت شاہ کا کٹھوعہ کا دورہ؛ سرحدی چوکیوں کا معائنہ، بی ایس ایف جوانوں سے ملاقات