عظمیٰ ویب ڈیسک
سرینگر/آل انڈیا میڈیکل اسٹوڈنٹس ایسوسی ایشن (AIMSA) نے بنگلہ دیش میں زیرِ تعلیم بھارتی میڈیکل طلبہ کی حفاظت اور فلاح و بہبود کو یقینی بنانے کے لیے وزیرِاعظم نریندر مودی سے فوری مداخلت کی اپیل کی ہے۔ تنظیم کے مطابق، بنگلہ دیش میں مبینہ طور پر غیر محفوظ اور غیر یقینی حالات کے باعث بھارتی طلبہ مشکلات کا شکار ہیں۔
وزیرِاعظم کے نام ایک تفصیلی عرضداشت میں ’اے آئی ایم ایس اے ‘نے کہا کہ اسے بنگلہ دیش میں پڑھنے والے طلبہ اور ان کے اہلِ خانہ کی جانب سے تشویشناک پیغامات موصول ہو رہے ہیں، جن میں وہاں درپیش حالات کو پریشان کن قرار دیا گیا ہے۔ تنظیم کے مطابق موجودہ فضا نے طلبہ میں خوف اور بے چینی پیدا کر دی ہے، جس کے باعث بھارت میں والدین شدید تشویش میں مبتلا ہیں۔
’اے آئی ایم ایس اے ‘نے کہا کہ بیرونِ ملک میڈیکل تعلیم حاصل کرنے والے بھارتی طلبہ حکومتِ ہند کی اس صلاحیت پر اعتماد رکھتے ہیں کہ وہ کسی بھی بحران کے وقت اپنے شہریوں کا تحفظ یقینی بنائے گی۔ تنظیم نے وزیرِاعظم دفتر سے، وزارتِ خارجہ کے اشتراک سے، فوری حفاظتی اقدامات کرنے کی درخواست کی ہے۔
تنظیم نے مطالبہ کیا کہ بنگلہ دیش میں موجود تمام بھارتی میڈیکل طلبہ کی حفاظت اور تحفظ کو یقینی بنایا جائے، بھارتی سفارت خانے کے ذریعے معاونت کو مضبوط کیا جائے، اور طلبہ و ان کے اہلِ خانہ کے ساتھ واضح اور مؤثر رابطہ برقرار رکھا جائے۔یہ مکتوب تنظیم جموں و کشمیر کے نائب صدر ڈاکٹر محمد مومن خان کے دستخطوں کے ساتھ ارسال کیا گیا، جبکہ اس کی نقل وزیرِ خارجہ ڈاکٹر ایس جے شنکر کو بھی بھیجی گئی ہے۔
’اے آئی ایم ایس اے ‘کی بنگلہ دیش میں بھارتی میڈیکل طلبہ کی حفاظت کے لیے وزیرِاعظم سے فوری مداخلت کی اپیل