محمد تسکین
بانہال/ بانہال کے نزدیک ایک سڑک حادثے میں شدید طور پر زخمی ہونے والے نوجوان (سی بی آئی) کے پروسیکیوٹر جمعہ کی صبح سری نگر کے ایس کے آئی ایم ایس اسپتال میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے انتقال کر گئے ۔ـ عادل کے انتقال کی خبر سننے کے بعد وکلاء برادری اور ان کے آبائی علاقے میں سوگ کی لہر دوڑ گئی۔
سرکاری ذرائع کے مطابق یہ حادثہ جمعرات کو تقریباً 3 بجے پیش آیا، جب ایک آلٹو کار (رجسٹریشن نمبر JK-03N-4273)، جسے ایڈووکیٹ شیخ عادل نبی ولد غلام نبی شیخ، ساکن بیجبہاڑا ضلع اننت ناگ، جموں سے کشمیر کی طرف لے جا رہے تھے۔
جب گاڑی بانہال کے قریب ریلوے کراسنگ کے پاس پہنچی تو اسے ایک اسکارپیو گاڑی (رجسٹریشن نمبر JK01BB-2625) نے ٹکر مار دی۔ تصادم کے نتیجے میں شیخ عادل نبی شدید زخمی ہو گئے۔ انہیں فوری طور پر سب ڈسٹرکٹ اسپتال بانہال منتقل کیا گیا جہاں ابتدائی طبی امداد دی گئی، بعد ازاں انہیں گورنمنٹ میڈیکل کالج اننت ناگ اور پھر مزید علاج کے لیے ایس کے آئی ایم ایس صورہ منتقل کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق ڈاکٹروں کی بھرپور کوششوں کے باوجود وہ جمعہ کی صبح زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسے۔تقریباً 35 سالہ شیخ عادل نبی نے حال ہی میں یو پی ایس سی امتحان کامیابی سے پاس کیا تھا اور انہیں چندی گڑھ میں سی بی آئی میں پبلک پروسیکیوٹر کے طور پر تعینات کیا گیا تھا۔