عظمیٰ ویب ڈیسک
سری نگر/شوپیان پولیس نے غیر قانونی کان کنی کے خلاف اپنی کارروائیوں کو جاری رکھتے ہوئے جمعرات کو کیگام علاقے میں دو جے سی بیز اور ایک ڈمپر ضبط کر کے متعلقہ افراد کے خلاف ایف آئی آر درج کی ہے۔ ضلع پولیس کے مطابق یہ کارروائی مسلسل نگرانی اور غیر قانونی معدنیات نکالنے کے خلاف جاری مہم کا حصہ ہے۔پولیس بیان کے مطابق پولیس پوسٹ کیگام کی ٹیم معمول کے گشت پر تھی جب انہوں نے ایک ڈمپر اور دو جے سی بیز کو مشکوک حالت میں دیکھا۔ ابتدائی جانچ کے دوران یہ مشینری بغیر کسی رائلٹی دستاویز کے غیر قانونی کان کنی اور معدنیات کی نقل و حمل میں مصروف پائی گئی۔ اس کے فوراً بعد پولیس نے مشینری ضبط کرتے ہوئے معاملے کے متعلق کیس درج کرکے تحقیقات شروع کی۔
پولیس حکام نے بتایا کہ ضلع میں غیر قانونی کان کنی سے ماحولیات کو شدید نقصان پہنچتا ہے اور اس عمل سے سرکاری خزانے کو بھی بھاری نقصان برداشت کرنا پڑتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ شوپیان پولیس نے اس عمل کے خاتمے کے لیے سخت پالیسی اپنائی ہے اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کارروائی بلاامتیاز کی جائے گی۔ایک سینئر افسر نے کہا، ’قدرتی وسائل کی حفاظت ہماری ذمہ داری ہے۔ غیر قانونی کان کنی کسی بھی صورت برداشت نہیں کی جائے گی اور ایسی سرگرمیوں میں ملوث افراد کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔‘
پولیس نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ غیر قانونی کان کنی یا معدنیات کی غیر مجاز نقل و حمل کی کسی بھی سرگرمی کی اطلاع فوری طور پر قریبی پولیس اسٹیشن یا پولیس پوسٹ کو دیں تاکہ بروقت کارروائی ممکن ہو سکے۔ حکام کا کہنا ہے کہ آنے والے دنوں میں بھی ضلع بھر میں اس طرح کی کارروائیاں جاری رہیں گی تاکہ شفافیت قائم رہے، ماحولیات کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے اور قانون کی سختی سے عمل درآمد ہو۔شوپیان پولیس نے واضح کیا ہے کہ قدرتی وسائل کے تحفظ اور غیر قانونی سرگرمیوں کے خلاف ان کی مہم مزید تیزی کے ساتھ جاری رہے گی۔