عظمیٰ ویب ڈیسک
سرینگر/معاشرے سے منشیات کی لعنت کے خاتمے کے لیے جاری اپنی مہم کے تحت جموں و کشمیر پولیس نے جنوبی کشمیر کے اضلاع شوپیاں اور پلوامہ میں تین منشیات فروشوں کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے ممنوعہ منشیاتی مواد برآمد کیا ہے۔شوپیاں میں پولیس پوسٹ واچی کی ایک ٹیم نے ناگھارڈ بابپورہ میں معمول کی ناکہ چیکنگ کے دوران ایک گاڑی (سوئفٹ کار رجسٹریشن نمبر JK13J-3347) کو روکا، جس میں دو افراد سوار تھے۔ ان کی شناخت اسحاق احمد کوکا اور عنایت احمد لون، دونوں ساکنان مِلہورا زینہ پورہ کے طور پر ہوئی ہے۔ تلاشی کے دوران ان کے قبضے سے تقریباً 58 گرام ہیروئن نما مادہ برآمد کیا گیا۔ جرم میں استعمال ہونے والی گاڑی کو بھی ضبط کر لیا گیا ہے۔
ادھر پلوامہ میں پولیس اسٹیشن لیتر کی ایک ٹیم نے نکلورا، پلوامہ میں ایک مشتبہ شخص کو روکا، جس کی شناخت عبدالرشید شیخ ولد محمد رمضان شیخ، ساکن نکلورا، پلوامہ کے طور پر ہوئی ہے۔ تلاشی کے دوران اس کے قبضے سے 7.545 کلوگرام چرس پتری اور 450 گرام چرس پاؤڈر برآمد کیا گیا۔اس سلسلے میں متعلقہ پولیس اسٹیشنوں میں قانون کی متعلقہ دفعات کے تحت مقدمات درج کر کے تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔جموں و کشمیر پولیس نے ایک بار پھر منشیات سے پاک معاشرے کے قیام کے اپنے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے عوام سے اس نیک مشن میں تعاون کی اپیل کی ہے۔
جنوبی کشمیر میں منشیات فروشوں کے خلاف کارروائی، تین افراد گرفتار: پولیس