عظمیٰ ویب ڈیسک
سری نگر/وزیردفاع راجناتھ سنگھ ہفتہ کے روز 2روزہ دورے پر سری نگر پہنچ گئے، جہاں سے وہ لداخ کے علاقے دراس میں منعقد ہونے والی 27ویں کرگل وجے دیوس تقریبات میں شرکت کریں گے۔سرکاری ذرائع کے مطابق سری نگر بین الاقوامی ہوائی اڈے پر وزیردفاع کا استقبال جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا، اعلیٰ سول و سیکورٹی حکام نے کیا۔ذرائع کے مطابق راجناتھ سنگھ کو ہیلی کاپٹر کے ذریعے دراس جانا تھا تاکہ وہ یادگاری تقریب میں شرکت کر سکیں، تاہم خراب موسم اور پرواز کے لیے ناموافق حالات کے باعث ہیلی کاپٹر سروس ممکن نہ ہو سکی۔ بعد ازاں وزیردفاع سڑک کے راستے دراس روانہ ہوئے۔
دو روزہ کرگل وجے دیوس تقریبات کا آغاز ہفتہ کے روز دراس میں واقع کرگل وار میموریل پر ہوا، جہاں 1999 کی کرگل جنگ میں مادرِ وطن کے دفاع کے دوران عظیم قربانی پیش کرنے والے بھارتی مسلح افواج کے بہادر جوانوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا جائے گا۔
ہر سال منعقد ہونے والی ان تقریبات میں اعلیٰ فوجی حکام، سابق فوجی، شہداء کے اہل خانہ، سول معززین اور حکومتی نمائندے شرکت کرتے ہیں۔ یہ تقریب کرگل جنگ میں بھارت کی تاریخی کامیابی کی یاد تازہ کرنے کے ساتھ ساتھ مسلح افواج کی بہادری، قربانی اور شجاعت کو خراجِ تحسین پیش کرنے کے لیے منعقد کی جاتی ہے۔
کرگل وجے دیوس تقریبات میں شرکت کے لیے وزیردفاع راجناتھ سنگھ سری نگر پہنچ گئے