گیلاس اور آلو بخارا پہلی بار یو اے ای برآمد
عظمیٰ نیوز سروس
نئی دہلی//زرعی و پراسیسڈ فوڈ پروڈکٹس ایکسپورٹ ڈیولپمنٹ اتھارٹی (APEDA)نے جموں و کشمیر کے اعلیٰ معیار کے’گیلاس‘اور ’سینٹ روز آلو بخارا‘کی پہلی کھیپ متحدہ عرب امارات (یو اے ای)روانہ کر دی ہے، جو وادی کی باغبانی کے شعبے کیلئے ایک اہم سنگِ میل قرار دیا جا رہا ہے۔یہ ایک میٹرک ٹن پر مشتمل کھیپ شوپیاں اور پلوامہ کے کسانوں سے حاصل کیے گئے پھلوں پر مشتمل ہے، جسے اے پی ای ڈی اے کے چیئرمین ابھیشیک دیو نے ورچوئل طور پر ابوظہبی اور دبئی کے لیے روانہ کیا۔ابھیشیک دیو نے کہا کہ جموں و کشمیر اعلیٰ معیار کے باغبانی محصولات کا اہم مرکز بن چکا ہے اور اے پی ای ڈی اے کسانوں کو عالمی منڈیوں تک رسائی، بہتر معیار اور برآمدی مواقع فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ ان کے مطابق اس برآمد سے کسانوں کو بہتر قیمتیں ملیں گی اور ان کی آمدنی میں نمایاں اضافہ ہوگا۔مرکزی وزیر تجارت و صنعت پیوش گوئل نے بھی اس کامیابی کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ بھارت سے پہلی مرتبہ پریمیم چیری اور آلو بخارا کی متحدہ عرب امارات کو برآمد، جموں و کشمیر کی باغبانی کو عالمی سطح پر نئی پہچان دلانے کی جانب اہم قدم ہے۔وزارت تجارت کے مطابق برآمدی منصوبے سے وابستہ کسانوں کو مقامی منڈی کے مقابلے میں ’گیلاس پر تقریباً 60فیصد‘جبکہ ’آلو بخارا‘ پر تقریبا ً120فیصدزیادہ قیمت حاصل ہوئی، جو برآمدی منڈیوں تک رسائی کے نمایاں معاشی فوائد کو ظاہر کرتا ہے۔