ناقص آبی انتظام اور نگرانی کے فقدان سے صورتحال سنگین
فیاض بخاری
بارہمولہ /ضلع بارہمولہ کے سریوار پورہ پٹن اور اس سے ملحقہ متعدد علاقوں میں آبپاشی کا شدید بحران پیدا ہو گیا ہے، جس کے باعث دھان کے وسیع رقبے پر کھڑی فصل پانی کی قلت سے متاثر ہو رہی ہے۔ نہروں میں پانی کی ناکافی فراہمی کے سبب کئی کھیت سوکھنے لگے ہیں، جس نے کسانوں میں شدید تشویش پیدا کر دی ہے۔مقامی کسانوں نے بتایا کہ اس وقت دھان کی فصل کو مسلسل آبپاشی کی ضرورت ہے، لیکن نہروں میں پانی کی شدید کمی کے باعث کھیت خشک پڑے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ اگر آئندہ چند دنوں میں پانی کی فراہمی بحال نہ ہوئی تو فصل کو ناقابل تلافی نقصان پہنچ سکتا ہے، جس سے سینکڑوں کسانوں کی سال بھر کی محنت ضائع ہونے کا خدشہ ہے۔کسانوں نے الزام عائد کیا کہ دستیاب پانی کی تقسیم مؤثر اور منصفانہ انداز میں نہیں کی جا رہی، جس کے باعث بعض علاقوں کو پانی مل رہا ہے جبکہ کئی دیہات مسلسل محروم ہیں۔ ان کے مطابق ناقص آبی انتظام اور نگرانی کے فقدان نے صورتحال کو مزید سنگین بنا دیا ہے۔متاثرہ کسانوں نے ضلعی انتظامیہ اور محکمہ آبپاشی سے فوری مداخلت کی اپیل کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ نہروں میں پانی کی فراہمی کو بہتر بنایا جائے، دستیاب پانی کی منصفانہ تقسیم یقینی بنائی جائے اور نہری نظام کی مسلسل نگرانی کی جائے تاکہ تمام زرعی علاقوں کو مساوی بنیادوں پر پانی فراہم کیا جا سکے۔انہوں نے کہا کہ زراعت علاقے کی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہے اور بیشتر خاندانوں کا انحصار دھان کی کاشت پر ہے۔ اگر موجودہ بحران برقرار رہا تو نہ صرف فصل کی پیداوار میں نمایاں کمی آئے گی بلکہ کسانوں کو بھاری مالی نقصان بھی برداشت کرنا پڑے گا، جس کے اثرات مقامی معیشت پر بھی مرتب ہوں گے۔کاشتکاروں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ آبپاشی کے نظام کو مؤثر بنانے کے لیے ہنگامی اقدامات کیے جائیں، نہروں کی بروقت صفائی اور مرمت کو یقینی بنایا جائے اور پانی کی تقسیم کے نظام میں شفافیت لائی جائے تاکہ مستقبل میں اس نوعیت کے بحران سے بچا جا سکے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ متعلقہ حکام فوری کارروائی کرتے ہوئے کسانوں کے مسائل کا ازالہ کریں گے اور دھان کی فصل کو بچانے کے لیے ضروری اقدامات کریں گے۔