عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//محکمہ زراعت کشمیر کے زیر اہتمام کسانوں کیلئے منعقدہ پانچ روزہ ’کسانوں کا مطالعاتی دورہ ‘ہفتہ کو ڈائریکٹوریٹ آف ایگریکلچر، لال منڈی، سرینگر میں اختتام پذیر ہوگیا۔ اختتامی تقریب کی صدارت ڈائریکٹر زراعت کشمیر ’سرتاج احمد شاہ‘نے کی۔اس پانچ روزہ پروگرام کا مقصد کسانوں کو جدید زرعی ٹیکنالوجی، اختراعی کاشتکاری کے طریقوں اور پائیدار زراعت کے کامیاب ماڈلز سے عملی طور پر روشناس کرانا تھا۔
پروگرام کے دوران شرکا نے زرعی ماہرین سے تبادلہ خیال کیا، مختلف زرعی اداروں کا دورہ کیا اور بہتر فصلی انتظام، وسائل کے موثر استعمال اور زرعی پیداوار میں ویلیو ایڈیشن سے متعلق عملی معلومات حاصل کیں۔اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈائریکٹر زراعت کشمیر سرتاج احمد شاہ نے کہا کہ ایسے مطالعاتی دورے کسانوں کی صلاحیتوں میں اضافے کا موثر ذریعہ ہیں، کیونکہ ان کے ذریعے کسان کامیاب تجربات سے سیکھتے ہیں، سائنسی طریقہ کار اپناتے ہیں اور اپنی زمینوں پر جدید زرعی تکنیکوں کو بروئے کار لاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کے اقدامات تحقیق اور عملی زراعت کے درمیان فاصلہ کم کرنے، زرعی پیداوار بڑھانے، کسانوں کی آمدنی میں اضافے اور وادی کشمیر میں پائیدار زرعی ترقی کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔انہوں نے پروگرام میں کسانوں کی دلچسپی، لگن اور فعال شرکت کو سراہتے ہوئے انہیں تلقین کی کہ وہ اپنے دیہات میں جدید زرعی معلومات اور تجربات دوسرے کسانوں تک بھی پہنچائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ محکمہ زراعت کسانوں کو بااختیار بنانے کے لیے تربیتی پروگراموں، مطالعاتی دوروں، عملی مظاہروں اور جدید ٹیکنالوجی کی منتقلی جیسے اقدامات جاری رکھے گا۔