محمد تسکین
بانہال/شری امرناتھ جی یاترا-2026 کے تحت پیر کی علی الصبح یاتریوں کا پانچواں قافلہ سخت سیکورٹی انتظامات کے درمیان جموں کے بھگوتی نگر یاتری نواس سے کشمیر کے لیے روانہ ہو گیا۔
زونل پولیس کنٹرول روم (ZPCR) جموں کے مطابق مجموعی طور پر 5,794 یاتری 267 گاڑیوں کے قافلے میں کشمیر کے دونوں بیس کیمپوں، بال تل اور پہلگام، کی جانب روانہ ہوئے۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق 2,304 یاتری بال تل روٹ جبکہ 3,490 یاتری روایتی پہلگام روٹ کے ذریعے مقدس امرناتھ گھپاکی جانب سفر کر رہے ہیں۔
روانہ ہونے والے یاتریوں میں 3,887 مرد، 1,211 خواتین، 20 بچے، 599 سادھو، 76 سادھویاں اور ایک سادھو بچہ شامل ہیں۔ قافلے میں 126 بسیں، 32 میڈیم موٹر وہیکلز (MMVs)، 104 لائٹ موٹر وہیکلز (LMVs) اور پانچ دو پہیہ گاڑیاں شامل تھیں۔
حکام کے مطابق بالتل جانے والا قافلہ صبح 3:10 بجے جبکہ پہلگام جانے والا قافلہ 3:50 بجے کثیر سطحی سیکورٹی حصار میں روانہ کیا گیا۔
دریں اثنا، ضلع رام بن میں اتوار کی شب اور پیر کی صبح ہونے والی وقفے وقفے سے بارش نے شدید گرمی سے راحت پہنچائی، جس کے باعث جموں-سرینگر قومی شاہراہ پر سفر کرنے والے یاتریوں اور سیاحوں نے خوشگوار موسم کا لطف اٹھایا۔
حکام نے بتایا کہ چندرکوٹ یاتری نواس میں اتوار کی رات 2,167 یاتریوں اور سیاحوں نے قیام کیا، جن میں 1,626 مرد، 508 خواتین اور 22 بچے شامل تھے۔
انتظامیہ کے مطابق ٹرانزٹ کیمپ میں رہائش، کھانے، سیکورٹی اور دیگر بنیادی سہولیات کے تمام انتظامات معمول کے مطابق جاری ہیں۔
حکام نے مزید بتایا کہ شری امرناتھ یاترا 2026 پرامن انداز میں جاری ہے اور انتظامیہ کے ساتھ سیکورٹی ایجنسیاں یاتریوں کے محفوظ سفر اور سہولیات کو یقینی بنانے کے لیے مسلسل متحرک ہیں۔
شری امرناتھ یاترا 2026: کڑےسیکورٹی انتظامات کے بیچ پانچویں قافلے کے 5,794 یاتری جموں سے کشمیرکی جانب روانہ