محمدتسکین
بانہال/سالانہ شری امرناتھ جی یاترا کے دوران ایک رجسٹرڈ یاتری کو ہفتہ کی صبح بانہال کے نویگ ٹنل کے قریب اچانک سینے میں درد اور سانس لینے میں دشواری پیش آنے کے بعد فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا۔سرکاری ذرائع کے مطابق متاثرہ یاتری کی شناخت پنکو دیوناتھ ولد نریش دیوناتھ، ساکن بوالی، الوی پارہ پوسٹ آفس، ضلع نادیہ، مغربی بنگال کے طور پر ہوئی ہے۔ وہ پہلگام بیس کیمپ کی جانب سفر کر رہے تھے کہ نویُگ ٹنل کے قریب ان کی طبیعت اچانک بگڑ گئی۔
یاتری کو فوری طور پر صبح تقریباً 9:30 بجےسبضلعاسپتال بانہال منتقل کیا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے طبی معائنہ کرنے کے بعد بتایا کہ وہ کرونک آبسٹرکٹو پلمونری ڈیزیز (COPD)اور سانس کی شدید تکلیف میں مبتلا ہیں۔بروقت علاج کے بعد یاتری کی حالت مستحکم بتائی گئی ہے، تاہم ڈاکٹروں نے ان کی موجودہ صحت کو مدنظر رکھتے ہوئے انہیں سختی سے ہدایت دی ہے کہ وہ بلند پہاڑی علاقوں پر مشتمل امرناتھ یاترا کا باقی سفر جاری نہ رکھیں۔
یہ واقعہ امرناتھ یاترا کے دوران بروقت طبی امداد اور جموں-سری نگر قومی شاہراہ پر دستیاب طبی سہولیات کی اہمیت کو اجاگر کرتا ہے۔ محکمہ صحت نے پہلے ہی سانس یا دل کے امراض میں مبتلا افراد کو مشورہ دیا ہے کہ وہ بلند مقام پر واقع اس مذہبی یاترا پر روانہ ہونے سے قبل مکمل طبی معائنہ ضرور کروائیں۔