عظمیٰ ویب ڈیسک
جموں/سخت حفاظتی انتظامات کے درمیان سالانہ امرناتھ یاترا کے لیے 4,812 یاتریوں پر مشتمل تیسرا قافلہ ہفتہ کی علی الصبح جموں کے بھگوتی نگر یاتری نواس سے روانہ ہوگیا۔دستیاب سرکاری اعداد و شمار کے مطابق، یہ قافلہ 259 گاڑیوں پر مشتمل ہے، جس میں 2,041 یاتری بالتل راستے جبکہ 2,771 یاتری پہلگام راستے سے مقدس امرناتھ غار کی جانب روانہ ہوئے۔اعداد و شمار کے مطابق قافلے میں 3,434 مرد، 966 خواتین، 11 بچے، 244 سادھو اور 157 سادھویاں شامل ہیں۔ قافلے میں 95 بسیں، 47 میڈیم موٹر وہیکلز (ایم ایم ویز)، 116 لائٹ موٹر وہیکلز (ایل ایم ویز) اور ایک دو پہیہ گاڑی شامل ہے۔
حکام کے مطابق بالتل جانے والا قافلہ صبح 3:00 بجے جبکہ پہلگام جانے والا قافلہ صبح 3:24 بجے بھگوتی نگر سے کثیر سطحی حفاظتی انتظامات کے تحت روانہ ہوا۔ادھر ہفتہ کو دوسرے قافلے کے یاتریوں نے بھی گاندربل کے بالتل اور اننت ناگ کے ننوان (پہلگام) بیس کیمپوں سے 3,880 میٹر بلند مقدس امرناتھ غار کی جانب پیدل سفر کا آغاز کیا، جہاں قدرتی طور پر برف سے بننے والا شیو لنگم عقیدت مندوں کی عقیدت کا مرکز ہے۔
دوسرے قافلے میں شامل ایک یاتری کرن سنگھ نے کہا کہ سکیورٹی کے بہترین انتظامات نے یاتریوں کے اعتماد میں اضافہ کیا ہے۔انہوں نے کہاہم مضبوط حفاظتی انتظامات پر انتظامیہ کے شکر گزار ہیں۔ انہی انتظامات نے ہمیں درشن کے لیے اپنا سفر جاری رکھنے کا حوصلہ دیا ہے۔انہوں نے یاترا کی کامیابی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار بھی کیا۔واضح رہے کہ 57روزہ سالانہ امرناتھ یاتراکا آغاز 3جولائی کو ہوا ہے، جو28 اگست (رکشا بندھن)کے روز اختتام پذیر ہوگی۔
4,812 یاتریوں پر مشتمل تیسرا قافلہ جموں سے روانہ