شہرسرینگر میں سیوریج کے 2 بڑے منصوبوں کا سنگ بنیاد
عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے کل سری نگر میں سیوریج کے دو بڑے منصوبوں کا سنگ بنیاد رکھا جن کا مقصد شہر میں گندے پانی کی صفائی کی سہولیات کو مضبوط اور شہری صفائی ستھرائی کے نظام کو بہتر بنانا ہے۔ان منصوبوں میں براری نمبل سری نگر میں 17.08 ایم ایل ڈِی صلاحیت کے سیوریج ٹریٹمنٹ پلانٹ (ایس ٹی پی) کی توسیع اور اپ گریڈیشن شامل ہے جس پر 12 کروڑ روپے لاگت آئے گی۔ اِس کے علاوہ چھتہ بل سری نگر میں 2.5 ایم ایل ڈِی صلاحیت کے نئے سیوریج ٹریٹمنٹ پلانٹ کی تعمیر اور 3.95 کلومیٹر طویل سیور لائنوں کی تنصیب جس کی تخمینی لاگت 14.54 کروڑ روپے ہے۔یہ منصوبے محکمہ مکانات و شہری ترقی کے تحت اربن انوائرمنٹل اِنجینئرنگ ڈیپارٹمنٹ (یو اِی اِی ڈی) کشمیر کی جانب سے کیپکس پروگرام کے تحت عمل میں لائے جا رہے ہیں۔اِس موقعہ پر وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے کہا کہ شہری بنیادی ڈھانچے کو مضبوط بنانا بالخصوص سیوریج اور ویسٹ واٹر مینجمنٹ کو بہتر بنانا حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے تاکہ دیرپا ترقی اور بہتر معیارِ زِندگی کو یقینی بنایا جاسکے۔اْنہوں نے اِس بات پر زور دیا کہ یہ منصوبے سیوریج ٹریٹمنٹ کی گنجائش کو نمایاں طور پر بڑھائیں گے، ماحولیاتی حالات کو بہتر بنائیں گے اور سری نگر اور اس کے گرد و نواح میں موجود آبی ذخائر کے تحفظ میں اہم کردار ادا کریں گے۔
براری نمبل منصوبے کے تحت موجودہ سیوریج ٹریٹمنٹ انفراسٹرکچر کو جدید خطوط پر استوار کیا جائے گا تاکہ اس کی کارکردگی بہتر بنائی جا سکے اور شہر میں بڑھتی ہوئی ویسٹ واٹر مینجمنٹ کی ضروریات کو پورا کیا جا سکے۔چھتہ بل منصوبے میں ایک نئے سیوریج ٹریٹمنٹ پلانٹ(ایس ٹی پی) اور وسیع سیور نیٹ ورک کی تعمیر شامل ہے جس سے علاقے میں صفائی ستھرائی کی سہولیات بہتر ہوں گی اور غیر صاف شدہ ویسٹ واٹر کو نالوں میں بہنے سے روکا جا سکے گا۔سنگِ بنیاد رکھنے کی تقریبات میں وزیر اعلیٰ کے مشیر ناصر اسلم وانی،رْکن قانون ساز اسمبلی حبہ کدل شمیم فردوس، ممبر اسمبلی خانیار علی محمد ساگر، ممبر قانون ساز اسمبلی زڈی بل تنویر صادق، ایم ایل اے حضرت بل سلمان علی ساگر، کمشنر سیکرٹری محکمہ ہاؤسنگ و شہری ترقی مندیپ کور، محکمہ کے سینئر اَفسران اور مقامی باشندوں نے شرکت کی۔اس دوران وزیر اعلیٰ نے سول سیکرٹریٹ میں سری نگر ڈیولپمنٹ اتھارٹی (ایس ڈی اے) کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کی 84ویں میٹنگ کی صدارت کی۔میٹنگ میںایس ڈِی اے کی طرف سے زیر تعمیر بڑے شہری ترقیاتی منصوبوں کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا جن میں رکھہ گنڈ اکشا بمنہ میں مجوزہ سیٹلائٹ ٹاؤن شپ، تجارتی اثاثوں کی ترقی،رہائشی منصوبے اور سری نگر میں شہری سہولیات کو بہتر بنانے کے لئے دیگر بنیادی ڈھانچے کے منصوبے شامل ہیں۔وزیر اعلیٰ نے رکھہ گنڈ اکشامیں مجوزہ سیٹلائٹ ٹاؤن شپ اور دیگر آئندہ رہائشی منصوبوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ شہری علاقوں کی منصوبہ بندی اس انداز میں ہونی چاہیے کہ وہ خوبصورت، دیدہ زیب، پْرکشش اور رہائش کے لئے موزوں ہوں۔ اْنہوں نے زور دیا کہ رہائشی منصوبوں میں سکول، پارک، کھیل کے میدان، خریداری کی سہولیات اور دیگر بنیادی سہولیات کے ساتھ معیاری لینڈ سکیپنگ کو بھی شامل کیا جائے تاکہ شہری ماحول مزید بہتر بنایا جا سکے۔میٹنگ میں سری نگر ماسٹر پلان کی نظرثانی اور اس کی عمل آوری، زونل ترقیاتی منصوبوں کی تیاری، تجارتی اثاثوں کے انتظام، عوامی بنیادی ڈھانچے کی ترقی اور اتھارٹی کے بجٹ تخمینوں سے متعلق تجاویز کا جائزہ لیا گیا۔بورڈ نے بٹہ مالو علاقے کی منصوبہ بند ترقی اور سنگرمال شاپنگ سینٹر کو مکمل طور پر فعال بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔ اِس کے علاوہ سنگرمال کے قریب خالی اراضی پر اہم منصوبے شروع کرنے کی بھی ہدایت دی گئی۔میٹنگ میں وزیر اعلیٰ کے مشیر ناصر اسلم وانی، چیف سیکرٹری اَتل ڈولو، وزیر اعلیٰ کے ایڈیشنل چیف سیکرٹری دھیرج گپتا،ایڈیشنل چیف سیکرٹری محکمہ تعمیراتِ عامہ انیل کمار سنگھ، ایڈیشنل چیف سیکرٹری محکمہ خزانہ شیلندر کمار، کمشنر سیکرٹری مکانات و شہر ی ترقی مندیپ کور، صوبائی کمشنر کشمیر، ضلع ترقیاتی کمشنر سری نگر، کمشنر سری نگر میونسپل کارپوریشن، وائس چیئرمین سری نگر ڈیولپمنٹ اَتھارٹی اور دیگر سینئر افسران نے شرکت کی۔