عظمیٰ ویب ڈیسک
سرینگر/انتظامیہ نے منگل کے روز واضح کیا ہے کہ داچھی گام نیشنل پارک معمول کے مطابق سیاحوں اور عوام کے لیے کھلا ہے اور وزیر اعلیٰ جموں و کشمیر عمر عبداللہ کی جانب سے پارک میں منعقدہ اجلاس کے باعث داخلے پر کسی قسم کی پابندی عائد نہیں کی گئی ہے۔
یہ وضاحت ان خبروں کے بعد سامنے آئی جن میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ 3 جون کو اعلیٰ سطحی سیاسی اجلاس کے پیش نظر پارک میں عوامی داخلہ معطل کر دیا گیا ہے۔
انتظامیہ کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا کہ داچھی گام نیشنل پارک میں آنے والے تمام زائرین کے لیے داخلہ معمول کے طریقہ کار کے مطابق جاری ہے اور آج کے دن عوامی رسائی محدود کرنے کے حوالے سے کوئی سرکاری حکم نامہ جاری نہیں کیا گیا ہے۔
بیان میں کہا گیا، ’’تمام زائرین کے لیے داخلہ حسبِ معمول مکمل طور پر کھلا ہے اور پارک میں آمد کے لیے رائج ضابطوں پر عمل کیا جا رہا ہے۔‘‘
انتظامیہ نے عوام سے اپیل کی کہ وہ غیر مصدقہ خبروں پر توجہ نہ دیں اور پارک کے دورے کے دوران معمول کے قواعد و ضوابط پر عمل کریں۔
قابلِ ذکر ہے کہ وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے آج داچھی گام میں اپنی جماعت کے اراکینِ اسمبلی اور وزراء کے ساتھ ایک اہم اجلاس کی صدارت کی، جسے گزشتہ 19 ماہ کے دوران حکومتی کارکردگی اور عوامی رابطہ مہم کا جائزہ لینے کے لیے منعقد کیا گیا تھا۔
وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ کی میٹنگ کے باوجود داچھی گام نیشنل پارک عوام کے لیے کھلا، انتظامیہ کی وضاحت