عظمیٰ ویب ڈیسک
سرینگر/جموں و کشمیر کے وزیر اعلیٰ عمرعبداللہ نے اپنی کابینہ کے وزراء اور نیشنل کانفرنس کے اراکینِ اسمبلی کے ہمراہ بدھ کے روز داچھی گام نیشنل پارک کا رخ کیا، جہاں گزشتہ 19 ماہ کے دوران نیشنل کانفرنس کی قیادت والی حکومت کی کارکردگی کا جائزہ لیا جائے گا۔
اس غیر رسمی جائزہ اجلاس نے سیاسی حلقوں کو حیران کر دیا۔ وزیر اعلیٰ اور دیگر شرکاء ایس آر ٹی سی کی گاڑیوں میں گپکار سے داچھی گام روانہ ہوئے۔
وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک پوسٹ میں کہا کہ وہ ایک آف سائٹ اجلاس کے لیے روانہ ہو رہے ہیں، جہاں گزشتہ 19 ماہ کی کارکردگی کا جائزہ لیا جائے گا۔
انہوں نے لکھا، ’’ہم ایک آف سائٹ اجلاس کے لیے جا رہے ہیں تاکہ گزشتہ 19 ماہ کا جائزہ لیا جا سکے، جس میں اچھی پیش رفت، کمزور پہلوؤں اور ان کے درمیان آنے والے تمام معاملات پر غور کیا جائے گا۔‘‘
اطلاعات کے مطابق، اجلاس میں حکومت کی کارکردگی، عوامی فلاحی منصوبوں اور مختلف شعبوں میں پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا جائے گا۔
داچھی گام میں نیشنل کانفرنس حکومت کا جائزہ اجلاس، عمر عبداللہ وزراء اور اراکینِ اسمبلی کے ہمراہ روانہ