عظمیٰ ویب ڈیسک
سری نگر/جموں و کشمیر اور لداخ ہائی کورٹ کے سابق چیف جسٹس، جسٹس علی محمد ماگرے کو سپریم کورٹ لیگل سروسز کمیٹی (SCLSC) کے سینئر پینل کونسل کے طور پر نامزد کیا گیا ہے۔جسٹس (ر) ماگرے کا نام اُن 164 سینئر وکلاء کی فہرست میں شامل ہے جنہیں سپریم کورٹ لیگل سروسز کمیٹی کے ساتھ منسلک کیا گیا ہے۔ یہ فیصلہ کمیٹی کی ایگزیکٹو کمیٹی کے 72ویں اجلاس میں متفقہ طور پر لیا گیا، جو رواں سال 12 مارچ کو منعقد ہوا تھا۔یہ تمام سینئر وکلاء کمیٹی کے لیے اپنی خدمات مکمل طور پر بلا معاوضہ بنیادوں پر انجام دیں گے، جبکہ ان کی تقرری 15 مئی 2026 سے مؤثر ہو چکی ہے۔
جسٹس ماگرےپہلے ہی سپریم کورٹ آف انڈیا کے نامزد سینئر ایڈووکیٹ ہیں۔ اس کے علاوہ وہ دہلی انٹرنیشنل آربیٹریشن سینٹر اور سنگاپور انٹرنیشنل آربیٹریشن سینٹر کے ساتھ بطور ثالث بھی وابستہ ہیں۔وہ نیشنل جوڈیشل اکیڈمی بھوپال اور مہاراشٹرا جوڈیشل اکیڈمی ممبئی میں بطور وزٹنگ فیکلٹی خدمات انجام دے رہے ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ وہ کے آر منگلم یونیورسٹی دہلی میں بھی وزٹنگ فیکلٹی اور یونیورسٹی کی ایڈوائزری بورڈ کے رکن ہیں۔
جسٹس علی محمد ماگرےکو 8 مارچ 2013 کو جموں و کشمیر ہائی کورٹ کا مستقل جج مقرر کیا گیا تھا۔8 دسمبر 1960 کو جنوبی ضلع کولگام کے دمہال ہانجی پورہ کے واٹو گاؤں میں پیدا ہونے والے جسٹس ماگرے نے ابتدائی تعلیم اپنے آبائی گاؤں میں حاصل کی، جبکہ گریجویشن اور ایل ایل بی (آنرز) کی ڈگری کشمیر یونیورسٹی سے حاصل کی۔انہوں نے 1984 میں وکالت کا آغاز کیا اور ابتدائی دور میں ضلع عدالتوں، ریونیو عدالتوں اور مختلف ٹریبونلز میں پریکٹس کی۔
سابق چیف جسٹس اے ایم ماگرے سپریم کورٹ لیگل سروسز کمیٹی کے سینئر پینل کونسل میں شامل