عظمیٰ ویب ڈیسک
سری نگر/گلمرگ گنڈولامیں پیش آنے والی تکنیکی خرابی کے بعد ڈائریکٹر ٹورازم کشمیر سید قمر سجاد، جو جموں و کشمیر کیبل کار کارپوریشن کے منیجنگ ڈائریکٹر کا اضافی چارج بھی سنبھال رہے ہیں، نے منگل کو کہا کہ سیاحوں کی حفاظت اور سلامتی کو یقینی بنانے کے لیے گنڈولا سروس تقریباً ایک ہفتے تک بند رہے گی۔انہوں نے بتایا کہ کنڈوری اسٹیشن، جسے عام طور پر’’جی ٹو‘‘ کہا جاتا ہے، پر پرائمری گیئر باکس میں تکنیکی خرابی پیدا ہوگئی تھی، جس کے بعد حکام نے فوری طور پر سروس معطل کر دی اور فضا میں پھنسے ہوئے سیاحوں کو نکالنے کے لیے ریسکیو آپریشن شروع کیا۔
ڈائریکٹر قمر کے مطابق،انتہائی افسوس کے ساتھ اعلان کیا جاتا ہے کہ سیاحوں کی حفاظت کے پیش نظر گنڈولا تقریباً ایک ہفتے تک بند رہے گا۔ بحالی کا کام مکمل ہونے کے بعد ہی سروس دوبارہ شروع کی جائے گی۔ حفاظت اور سلامتی پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ خرابی سامنے آنے کے بعد حکام کے پاس دو راستے تھے یا تو خراب گیئر باکس کی مرمت کی جاتی یا پھر ایمرجنسی ورٹیکل ریسکیو آپریشن کے ذریعے درمیان میں پھنسے ہوئے سیاحوں کو نکالا جاتا۔انہوں نے کہا، تفصیلی مشاورت کے بعد ہماری اولین ترجیح سیاحوں کی جانوں کا تحفظ تھا، اسی لیے فوری طور پر ورٹیکل ریسکیو سسٹم کے تحت بچاؤ آپریشن شروع کیا گیا۔ان کے مطابق، چھ خصوصی ریسکیو ٹیمیں تشکیل دی گئیں جنہیں گنڈولا لائن کے اوپری، درمیانی اور نچلے حصوں میں تعینات کیا گیا۔ یہ آپریشن جموں و کشمیر پولیس، ایس ڈی آر ایف اور دیگر اداروں کے اشتراک سے انجام دیا گیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ تمام سیاحوں کو بحفاظت نکال لیا گیا ہے اور وہ اب گلمرگ میں اپنے قیام سے لطف اندوز ہو رہے ہیں۔سجاد نے بتایا کہ خراب ہونے والے گیئر باکس کا وزن تقریباً 3.6 ٹن ہے اور کارپوریشن کے پاس موجود متبادل یونٹ کی تنصیب میں پانچ سے سات دن لگ سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ واقعے کی وجوہات جاننے اور دیگر ممکنہ تکنیکی خامیوں کا جائزہ لینے کے لیے ایک اندرونی تکنیکی کمیٹی بھی تشکیل دی گئی ہے۔انہوں نے کہا،ہم پوری کوشش کریں گے کہ سروس جلد از جلد بحال کی جائے، تاہم گنڈولا کو دوبارہ فعال ہونے میں چار سے سات دن لگ سکتے ہیں۔گلمرگ گنڈولا کو کشمیر کی سب سے بڑی سیاحتی کشش قرار دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ انتظامیہ سیاحوں کے لیے اعلیٰ ترین حفاظتی معیار برقرار رکھنے کے لیے پُرعزم ہے۔