عظمیٰ ویب ڈیسک
سرینگر/سرینگر کے بمنہ علاقے سے تعلق رکھنے والے 20 سالہ نوجوان کی لاش، جس نے مبینہ طور پر چند روز قبل بڈ شاہ پل سے دریائے جہلم میں چھلانگ لگا دی تھی، پیر کے روز شال ٹینگ پل کے قریب سے برآمد کر لی گئی۔حکام نے بتایا کہ پولیس پارٹی نے دریائے جہلم میں شال ٹینگ پل کے نزدیک ایک لاش کو پانی میں تیرتے ہوئے دیکھا، جسے فوری طور پر نکال کر اسپتال منتقل کیا گیا۔
بعد ازاں نعش کی شناخت جاوید احمد ڈار ولد غلام محمد ڈار ساکن ہمدانیہ کالونی بمنہ کے طور پر ہوئی۔ حکام کے مطابق جاوید احمد ڈار نے 20 مئی کو لال چوک کے بڈ شاہ پل سے مبینہ طور پر دریائے جہلم میں چھلانگ لگا دی تھی۔
واقعے کے بعد ایس ڈی آر ایف، ریور پولیس اور فوج کے مارکوس غوطہ خوروں کی جانب سے بڑے پیمانے پر تلاشی اور ریسکیو آپریشن شروع کیا گیا تھا، تاہم چھ روز بعد اس کی لاش برآمد ہوئی۔
جہلم میں چھلانگ لگانے والے بمنہ کے نوجوان کی نعش چھ روز بعد شال ٹینگ کے قریب برآمد