عظمیٰ ویب ڈیسک
سری نگر/جموں کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے آج نیشنل کیڈٹ کور (این سی سی) ڈائریکٹوریٹ جموں کشمیر و لداخ کی جانب سے منعقدہ ’’خصوصی قومی یکجہتی کیمپ‘‘ میں شرکت کی اور ملک بھر سے آئے این سی سی کیڈٹس کے ساتھ تبادلہ خیال کیا۔
اس موقع پر لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ یہ خصوصی کیمپ ہندوستانی روح اور قومی یکجہتی کی زندہ علامت ہے، جہاں ہر کیڈٹ نہ صرف تاریخ کا مشاہدہ کر رہا ہے بلکہ اسے تشکیل بھی دے رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہندوستان اپنی نوجوان نسل پر مکمل اعتماد رکھتا ہے اور امید کرتا ہے کہ یہی نوجوان ملک کو نئی بلندیوں تک لے جائیں گے۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ این سی سی کیڈٹس کو چاہیے کہ وہ این سی سی کی اقدار کو اپنی زندگی کا حصہ بنائیں اور انہیں معاشرے میں عام کریں۔
لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ ہندوستان کی سب سے بڑی طاقت اس کا تنوع ہے اور صدیوں سے مختلف ثقافتوں کو ایک قومی جذبے میں پرو کر اتحاد کو مضبوط بنایا گیا ہے۔
انہوں نے کیڈٹس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس کیمپ میں سیکھے گئے اتحاد، قیادت اور حب الوطنی کے اصولوں کو معاشرے کی بہتری کے لیے استعمال کیا جانا چاہیے۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہاں بویا گیا حب الوطنی کا بیج نوجوانوں تک پوری ذمہ داری اور لگن کے ساتھ پہنچایا جائے۔
منوج سنہا نے کہا کہ این سی سی کے نوجوان آج ہندوستان کی طاقت اور کل کے معمار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دنیا تیزی سے بدل رہی ہے، لیکن ہندوستانی نوجوان اعتماد، مہارت اور صلاحیت سے لیس ہیں اور ہر چیلنج کا سامنا کرنے کے لیے تیار ہیں۔
انہوں نے کہا، ’’این سی سی کیڈٹس میں تخلیقی توانائی اور آگے بڑھنے کا غیرمعمولی جذبہ موجود ہے۔ اس توانائی کو مثبت سمت میں استعمال کرنا ضروری ہے تاکہ آپ مستقبل کے ہر چیلنج کا مضبوطی سے مقابلہ کرسکیں۔‘‘
لیفٹیننٹ گورنر نے این سی سی کے نصب العین ’’اتحاد اور نظم و ضبط‘‘ کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ کیڈٹس کو اپنے اپنے علاقوں اور ریاستوں میں اتحاد کو فروغ دینا چاہیے، سماجی مسائل کو بات چیت اور باہمی احترام کے ذریعے حل کرنا چاہیے اور وکست بھارت کی تعمیر میں اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔
تقریب میں این سی سی کیڈٹس نے رنگا رنگ ثقافتی پروگرام بھی پیش کیے، جن میں ہندوستان کی متنوع ثقافت کی جھلک نمایاں طور پر دیکھی گئی۔ اس خصوصی کیمپ میں ملک بھر سے 340 کیڈٹس اور این سی سی افسران شرکت کر رہے ہیں۔
سرینگرمیں این سی سی کے خصوصی قومی یکجہتی کیمپ سے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا کا خطاب