محمد تسکین
بانہال/نیشنل کانفرنس کے رہنما اور ایم ایل اے بانہال سجاد شاہین نے محکمہ سیاحت، ضلعی انتظامیہ اور خواجہ چیری ٹیبل ٹرسٹ کے اشتراک سے منعقدہ دو روزہ ٹریکنگ فیسٹیول کو نیل ٹاپ سے ہنسراج ٹاپ کے لیے جھنڈی دکھا کر روانہ کیا۔اس موقع پر مقامی نوجوانوں، ٹریکرز، ایڈونچر سے دلچسپی رکھنے والے افراد اور جموں و کشمیر کے مختلف علاقوں سے آئے سیاحوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ اس فیسٹیول کا مقصد ماحولیاتی سیاحت کو فروغ دینا اور نیل و بانہال-گول حلقہ کے خوبصورت علاقوں میں موجود بے پناہ سیاحتی صلاحیت کو اجاگر کرنا تھا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایم ایل اے سجاد شاہین نے کہا کہ بانہال-گول قدرتی حسن، ثقافتی ورثے، سرسبز چراگاہوں، گھنے جنگلات، ٹریکنگ روٹس اور غیر دریافت شدہ سیاحتی مقامات سے مالا مال علاقہ ہے، جسے جموں و کشمیر کے سیاحتی نقشے پر نمایاں مقام دلانے کی ضرورت ہے۔انہوں نے اعلان کیا کہ چملواس-نیل سڑک کی اپ گریڈیشن، واسمَرگ نیل میں نگرواں پارک کی تعمیر اور علاقے میں ایک ٹورسٹ ریسٹ ہاؤس کے قیام کے منصوبے عمل میں لائے جائیں گے تاکہ سیاحت کے بنیادی ڈھانچے کو مضبوط بنایا جا سکے اور سیاحوں کو بہتر سہولیات فراہم ہوں۔
سجاد شاہین نے مزید کہا کہ جلد ہی گول اور مہو-منگت میں ٹورازم میلوں کا انعقاد کیا جائے گا تاکہ ان علاقوں کی قدرتی خوبصورتی، ثقافتی ورثہ، مقامی روایات اور سیاحتی امکانات کو دنیا کے سامنے پیش کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کے اقدامات نہ صرف سیاحت کو فروغ دیں گے بلکہ مقامی نوجوانوں کے لیے روزگار کے مواقع بھی پیدا کریں گے اور دیہی معیشت کو مستحکم بنائیں گے۔
انہوں نے مجوزہ کٹرہ-کولگام بذریعہ نندی مارگ-گلاب گڑھ فور لین رابطہ پروجیکٹ کا خیرمقدم کرتے ہوئے اسے جموں-سری نگر رابطے کو بہتر بنانے اور پہاڑی علاقوں میں سیاحت و اقتصادی ترقی کے نئے دروازے کھولنے کی جانب ایک اہم قدم قرار دیا۔ ان کے مطابق یہ پروجیکٹ بانہال، گول، مہو-منگت اور ملحقہ علاقوں کے کئی غیر دریافت شدہ سیاحتی مقامات کو بیرونی دنیا سے جوڑنے میں اہم کردار ادا کرے گا۔
ایم ایل اے نے کہا کہ وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ کی قیادت والی حکومت خطے کی لسانی اور ثقافتی تنوع کے تحفظ اور فروغ کے لیے سنجیدہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ کھاشا، پوگلی، سراجی، بھدرواہی اور دیگر مقامی زبانیں یہاں کے عوام کی منفرد شناخت اور ورثے کی عکاس ہیں، جن کی مکمل سرپرستی اور ترویج ضروری ہے۔اس دوران ایک رنگا رنگ ثقافتی پروگرام بھی پیش کیا گیا جس میں روایتی لوک موسیقی اور مقامی فنکاروں کی پرفارمنس نے حاضرین کو محظوظ کیا۔ شرکاء نے اس اقدام کو سراہتے ہوئے مطالبہ کیا کہ مستقبل میں بھی اس طرح کی سیاحتی اور ایڈونچر سرگرمیوں کا باقاعدگی سے انعقاد کیا جائے۔
سجاد شاہین نے نیل ٹاپ تا ہنسراج ٹاپ ٹریکنگ فیسٹیول کو جھنڈی دکھائی،کہا جلد ہی گول اور مہومنگت میں ٹورازم میلوں کا انعقاد ہوگا