عظمیٰ ویب ڈیسک
سرینگر/ اپوزیشن لیڈر سنیل کمار شرما نے ہفتہ کے روز وزیر اعلیٰ عمرعبداللہ کو ”چیف ٹورسٹ“ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کا کیلنڈر عوامی مسائل کے حل کے بجائے غیر ملکی دوروں سے بھرا ہوا ہے۔
سنیل شرما نے کہا کہ وزیر اعلیٰ گزشتہ دس دنوں سے غائب ہیں اور وہ ایک حساس ریاست کے منتخب سربراہ کے بجائے دنیا بھر میں گھومنے والے سیاح کا کردار ادا کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا، عمر عبداللہ شاید اس غلط فہمی میں مبتلا ہیں کہ وہ 24 گھنٹے ایک سیاح ہیں یا کوئی ٹریول بلاگ چلا رہے ہیں، ریاست نہیں۔ جبکہ وزیر اعلیٰ غیر ملکی دوروں میں مصروف ہیں، جموں و کشمیر کے عام لوگ بجلی، پانی اور صحت جیسی بنیادی سہولیات کے فقدان سمیت بے شمار مسائل کا سامنا کر رہے ہیں۔
سنیل شرما نے کہا کہ وزیر اعلیٰ خود 18 محکموں کے انچارج ہیں جن میں محکمہ خزانہ، محکمہ بجلی، جنرل ایڈمنسٹریشن، سیاحت، ریونیو اور دیگر اہم محکمے شامل ہیں۔
انہوں نے کہا، میرے جیسے ایک عام انسان کیلئے ایک یا دو محکموں سے زیادہ انصاف کرنا ممکن نہیں، لیکن وہ خود کو ”سپرمین“ سمجھتے ہیں اور انتظامیہ کے 50 فیصد محکمے خود اپنے پاس رکھے ہوئے ہیں۔ جب آپ اتنے اہم محکموں کے ذمہ دار ہوں تو پھر سول سیکریٹریٹ چھوڑ کر لندن اور دیگر مہنگی غیر ملکی منزلوں کے دوروں پر کیسے جا سکتے ہیں؟
اپوزیشن لیڈر نے مزید کہا کہ عمر عبداللہ کی غیر سنجیدگی کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ چند ماہ قبل جب کشمیر کے سیب کاشتکار شاہراہ بند ہونے کی وجہ سے شدید بحران کا شکار تھے اور ان کی سیب کی کھیپیں پھنس گئی تھیں، تب بھی وزیر اعلیٰ پیرس جانے کی تیاری کر رہے تھے۔
انہوں نے کہا، جب شاہراہ بند تھی اور ہمارے کاشتکار پریشان حال تھے، تب وزیر اعلیٰ پیرس کی سیر پر جانے والے تھے، مگر شدید تنقید کے بعد انہیں اپنا منصوبہ ترک کرنا پڑا۔
سنیل شرما نے مزید کہا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی جلد ہی وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ کی گمشدگی کی رپورٹ درج کرائے گی۔
انہوں نے کہا،ہم پولیس اسٹیشن رام منشی باغ میں عمر عبداللہ کی گمشدگی کی رپورٹ درج کرانے جا رہے ہیں۔ ساتھ ہی قانونی ماہرین سے بھی مشورہ لیا جا رہا ہے کہ آیا عوام کے سامنے عمر عبداللہ کو پیش کرنے کیلئے ہیبیس کارپس درخواست دائر کی جا سکتی ہے یا نہیں۔
وزیراعلیٰ کا کیلنڈر غیر ملکی دوروں سے بھرا ہوا ہے، عوامی مسائل کے حل سے نہیں: سنیل شرما