عظمیٰ ویب ڈیسک
سری نگر/جموں و کشمیر کی وزیر تعلیم سکینہ ایتو نے جمعرات کو تعلیمی اداروں میں فوری طور پر آن لائن کلاسز شروع کرنے کے امکان کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ فی الحال ایسا کوئی فیصلہ زیر غور نہیں ہے۔
وزیر اعظم نریندر مودی کی جانب سے ایندھن کے تحفظ اور کفایت شعاری کے اقدامات کے تحت ورک فرام ہوم کی اپیل کے بعد ورچوئل کلاسز کے امکان سے متعلق صحافیوں کے سوالات کا جواب دیتے ہوئے سکینہ ایتو نے کہا کہ اس وقت ’’ایسی کوئی بات نہیں ہے‘‘۔
ان کے یہ بیانات وزیر اعظم کی حالیہ اپیل کے بعد سامنے آئے ہیں، جس میں موجودہ معاشی اور سپلائی سے متعلق خدشات کے پیش نظر کفایت شعاری اور ایندھن کے تحفظ پر زور دیا گیا تھا۔وزیر تعلیم نے تاہم یہ واضح کیا کہ محکمہ تعلیم کے سامنے نہ تو تعلیمی اداروں کو بند کرنے کی کوئی تجویز ہے اور نہ ہی فزیکل کلاسز کو معطل کرکے آن لائن نظام اپنانے کا کوئی منصوبہ زیر غور ہے۔واضح رہے کہ جموں و کشمیر میں کووڈ-19 وبا اور ماضی میں خراب موسمی حالات کے دوران، خاص طور پر وادی کشمیر میں، آن لائن کلاسز کا وسیع پیمانے پر سہارا لیا گیا تھا۔فی الحال جموں و کشمیر بھر میں تمام تعلیمی ادارے معمول کے مطابق کام کر رہے ہیں۔
جموں و کشمیر میں فوری طور پر آن لائن کلاسز کا کوئی فیصلہ نہیں: سکینہ ایتو