عظمیٰ ویب ڈیسک
شوپیان/جنوبی ضلع شوپیان میں پولیس نے منشیات کی غیر قانونی تجارت سے حاصل کی گئی 10 لاکھ 7 ہزار 300 روپے مالیت کی غیر منقولہ جائیداد کو ضبط کر لیا ہے۔پولیس حکام کے مطابق یہ جائیداد 14 مرلہ اراضی پر مشتمل ہے جو امام صاحب علاقے کے نادندر ترنز کے رہائشی ارشد احمد ڈار ولد عبد الرحمن ڈار کی ملکیت ہے۔حکام کا کہنا ہے کہ تحقیقات کے دوران یہ ثابت ہوا کہ مذکورہ جائیداد منشیات کی غیر قانونی خرید و فروخت سے حاصل کی گئی آمدن سے بنائی گئی تھی، جس کے بعد اسے پولیس اسٹیشن امام صاحب میں درج ایف آئی آر نمبر 34/2023 کے سلسلے میں ضبط کیا گیا۔
پولیس کے مطابق ضبطی کی کارروائی ایک پولیس ٹیم، ایگزیکٹو مجسٹریٹ، لمبردار اور چوکیدار کی موجودگی میں تمام قانونی تقاضے پورے کرتے ہوئے انجام دی گئی۔
پولیس نے بتایا کہ یہ کارروائی علاقے میں منشیات کے نیٹ ورک کے خلاف جاری مہم کا حصہ ہے، جس کے تحت نہ صرف منشیات فروشوں بلکہ ان کی غیر قانونی کمائی سے بنائی گئی جائیدادوں کے خلاف بھی سخت کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے۔شوپیان پولیس نے منشیات سے متعلق جرائم کے خلاف اپنی کارروائی مزید تیز کرنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ منشیات کی خرید و فروخت سے متعلق کسی بھی معلومات کو فوری طور پر پولیس کے ساتھ شیئر کریں۔
شوپیان میں منشیات سے حاصل جائیداد ضبط، 10.07 لاکھ روپے مالیت کی غیر منقولہ املاک قرق