عظمیٰ ویب ڈیسک
سری نگر/جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے منگل کو بارہمولہ میں منشیات سے پاک جموں و کشمیر مہم کے تحت منعقدہ پدیاترا میں شرکت کی اور عوام کے ساتھ براہِ راست رابطہ قائم کیا۔ اس موقع پر انہوں نے آئندہ 69 دنوں کے لیے مہم کے تحت دو نئے اور اہم ستونوں’کمیونٹی امیونائزیشن پروگرام اگینسٹ ڈرگز اور فیملی فورٹریس انیشیٹو‘کے آغاز کا اعلان کیا۔لیفٹیننٹ گورنر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جس طرح معاشروں کو بیکٹیریا اور وائرس سے بچاؤ کے لیے ویکسینیشن کی اہمیت سکھائی گئی ہے، اسی طرز پر مذہبی رہنماؤں اور سماجی تنظیموں کے تعاون سے ہر ضلع کے 5 سے 10 حساس علاقوں میں منشیات کے خلاف کمیونٹی امیونائزیشن پروگرام شروع کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ اسکولوں، مساجد، مندروں، گوردواروں اور این جی اوز کو چاہیے کہ وہ ہفتہ وار ایک گھنٹہ اس مہم کے لیے مختص کریں تاکہ بیداری پیدا ہو اور یہ اقدام ایک ابتدائی وارننگ سسٹم کے طور پر کام کرتے ہوئے ہاٹ اسپاٹس کی نگرانی کرے اور انہیں مکمل طور پر منشیات سے پاک علاقوں میں تبدیل کرے۔
انہوں نے مزید کہا کہ دوسرا ستون ’فیملی فورٹریس انیشیٹو‘ہوگا، جو مضبوط خاندانی اور سماجی رشتوں کو منشیات کی لت کے خلاف سب سے مؤثر ڈھال بنائے گا۔ آئندہ 69 دنوں کے دوران جموں و کشمیر کے ہر اسکول، کالج اور عبادت گاہ میں ہفتہ وار خاندانی مکالمے منعقد کیے جائیں گے، جہاں منشیات کے مسئلے پر کھل کر بات ہوگی اور مقامی سطح پر مہم کا جائزہ لے کر خامیوں کو دور کیا جائے گا۔
لیفٹیننٹ گورنر نے بتایا کہ گزشتہ 31 دنوں میں جموں و کشمیر بھر میں 2 لاکھ 35 ہزار سے زائد بیداری اور رابطہ پروگرام منعقد کیے گئے، جبکہ 44 ہزار سے زیادہ او پی ڈی مریضوں کا علاج کیا گیا۔ تقریباً 700 منشیات فروشوں اور اسمگلروں کو گرفتار کیا گیا اور منشیات کی سپلائی چین کے خلاف سخت کارروائیاں انجام دی گئیں۔
انہوں نے کہا کہ منشیات کے بڑے اسمگلروں کی غیر قانونی کمائی سے بنائی گئی کروڑوں روپے کی جائیدادیں ضبط کی گئی ہیں۔ جموں و کشمیر کے دونوں ڈویژنوں میں 300 ڈرائیونگ لائسنس اور 400 سے زائد گاڑیوں کی رجسٹریشن منسوخ کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔
لیفٹیننٹ گورنر نے مزید کہا کہ 3300 سے زائد میڈیکل اسٹورز کا معائنہ کیا گیا، جن میں ضابطوں کی خلاف ورزی پر 150 لائسنس معطل کیے گئے۔ پورے یوٹی میں تقریباً 3000 سی سی ٹی وی کیمرے میڈیکل اسٹورز پر نصب کیے گئے ہیں جبکہ دو درجن سے زائد اسمگلروں کو PIT-NDPS ایکٹ کے تحت گرفتار کیا گیا ہے۔انہوں نے یقین دلایا کہ حکومت منشیات فروشوں کے ہر روپے، ہر اثاثے اور ہر شیل کمپنی کا تعاقب کرے گی تاکہ نوجوان نسل کے مستقبل کو تباہ کرنے والوں کو سخت ترین سزا دی جا سکے۔
لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ عوامی تعاون سے یہ عوامی تحریک تاریخی ریکارڈ قائم کر رہی ہے اور ماضی میں کسی بھی سماجی مہم میں اتنی بڑی عوامی شمولیت دیکھنے کو نہیں ملی۔انہوں نے بتایا کہ گزشتہ 31 دنوں میں ٹیلی مناس کونسلنگ اور مدد کے لیے تقریباً 3000 کالز موصول ہوئیں۔ انہوں نے کہا کہ منشیات کے عادی افراد کے ساتھ ہمدردی اور سائنسی بنیادوں پر علاج و بحالی کی ضرورت ہے، کیونکہ جیسے ذیابیطس یا کینسر کے مریضوں کو شرمندہ نہیں کیا جاتا، ویسے ہی نشے کے شکار افراد کو بھی عزت کے ساتھ دوبارہ معاشرے کے مرکزی دھارے میں لانا ہوگا۔
بارہمولہ میں منشیات سے پاک جموں و کشمیر مہم کی پدیاترا میں لیفٹیننٹ گورنر کی شرکت، دو نئے اقدامات کا اعلان