عظمیٰ ویب ڈیسک
بارہمولہ/جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے منگل کو کہا کہ منشیات کے بڑھتے ہوئے خطرے کے خلاف پورے جموں و کشمیر میں دو لاکھ سے زائد بیداری پروگرام منعقد کیے جا چکے ہیں اور منشیات فروشوں کے خلاف سخت کارروائی کا سلسلہ جاری رہے گا۔بارہمولہ میں ایک پیدل مارچ (پدیاترا) سے خطاب کرتے ہوئے لیفٹیننٹ گورنر نےکہا کہ انتظامیہ اور پولیس نے منشیات کے بڑھتے ہوئے ناسور سے نمٹنے کے لیے آگاہی اور نفاذ کے اقدامات مزید تیز کر دیے ہیں۔انہوں نے کہا، ’’مجھے بتایا گیا ہے کہ جموں و کشمیر بھر میں دو لاکھ سے زائد بیداری پروگرام منعقد ہوئے ہیں۔ میں بارہمولہ انتظامیہ کی اس عزم اور عوامی تعاون کے ساتھ اس ناسور کے خلاف جدوجہد پر مطمئن ہوں۔‘‘
منوج سنہا نے پولیس کی جانب سے منشیات فروشوں کے خلاف کارروائی اور عوام میں بیداری مہم چلانے کو سراہتے ہوئے کہا کہ انسدادِ منشیات مہم کو مزید شدت دی جائے گی اور غیر قانونی منشیات کے کاروبار میں ملوث کسی بھی شخص کو بخشا نہیں جائے گا۔
انہوں نے کہا، ’’ہم اس مہم کو نئی بلندیوں تک لے جائیں گے۔ منشیات کی اسمگلنگ میں ملوث افراد کے خلاف گاڑیوں کی رجسٹریشن منسوخی، لک آؤٹ نوٹس جاری کرنے اور جائیداد ضبط کرنے جیسے اقدامات کیے جائیں گے، چاہے وہ کہیں بھی ہوں۔‘‘لیفٹیننٹ گورنر نے اس بات کا اعادہ کیا کہ منشیات استعمال کرنے والے افراد کو مجرم نہیں بلکہ متاثرہ سمجھا جانا چاہیے اور ان کی بحالی ہمدردی اور محبت کے ساتھ کی جانی چاہیے۔
انہوں نے کہا، ’’گزشتہ 30 دنوں سے میں مسلسل کہہ رہا ہوں کہ منشیات لینے والے لوگ مجرم نہیں بلکہ متاثرین ہیں۔ ہم ان کا محبت سے خیال رکھیں گے اور انہیں دوبارہ معمول کی زندگی کی طرف واپس لائیں گے۔‘‘انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ اگر کوئی شخص منشیات فروشی میں ملوث ہو یا انسدادِ منشیات مہم میں کسی قسم کی غفلت برتی جا رہی ہو تو فوری طور پر متعلقہ حکام کو اطلاع دی جائے۔انہوں نے کہا، ’’اب ہمارے لیے ہر منٹ اہم ہے۔ اگر مہم میں کسی قسم کی سستی یا لاپروائی نظر آئے تو لوگ ہمیں مطلع کریں، ہم فوری کارروائی کریں گے۔‘‘
منوج سنہا نے مذہبی علما، مبلغین، بزرگوں اور سول سوسائٹی کے ارکان سے بھی اپیل کی کہ وہ اس تحریک میں فعال کردار ادا کریں اور نوجوانوں کو نشے کی لعنت سے بچانے میں اپنا حصہ ڈالیں۔انہوں نے کہا، ’’یہ ایک اجتماعی جدوجہد ہے اور معاشرے کے ہر طبقے کو اس میں شامل ہونا ہوگا۔ ہم جموں و کشمیر کو منشیات سے پاک بنانا چاہتے ہیں اور اپنے نوجوانوں کو ہر قیمت پر بچانا چاہتے ہیں۔‘‘
جموں و کشمیر میں منشیات مخالف 2لاکھ سے زائد بیداری پروگراموں کا انعقاد، سخت کارروائی کا سلسلہ جاری: ایل جی منوج سنہا