عظمیٰ ویب ڈیسک
سرینگر/ اقتصادی جرائم ونگ کشمیر نے ضلع کپواڑہ کے ایک شخص کے خلاف سرکاری نوکریاں دلانے کے بہانے متعدد افراد سے دھوکہ دہی کرنے کے الزام میں تین مقدمات درج کیے ہیں۔
ایک بیان کے مطابق جموں کشمیر کرائم برانچ کی اقتصادی جرائم ونگ نے ملزم عبدالمجید میر ولد عبدالرحیم میر ساکن لستیال کلاروس، کپواڑہ کے خلاف تین الگ الگ کیس درج کیے ہیں۔ ملزم پر الزام ہے کہ اس نے مختلف سرکاری محکموں اور مالیاتی اداروں میں نوکری دلانے کا جھانسہ دے کر کئی افراد سے رقم وصول کی۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ ابتدائی تحقیقات سے معلوم ہوا ہے کہ ملزم نے متاثرین سے سرکاری ملازمت فراہم کرنے کے جھوٹے وعدے کرکے بھاری رقومات حاصل کیں۔
مزید کہا گیا کہ ملزم نے متاثرین کو دھوکہ دینے اور ان کا اعتماد حاصل کرنے کے لیے سرکاری اداروں اور جموں کشمیر بینک کی جانب سے جاری شدہ جعلی اور فرضی تقرری نامے تیار کرکے فراہم کیے۔
ترجمان کے مطابق ملزم کے خلاف ماضی میں بھی کرائم برانچ کشمیر دو مقدمات میں چالان پیش کر چکی ہے۔
عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ ایسے معاشی دھوکہ بازوں سے ہوشیار رہیں اور کسی بھی قسم کی مالی دھوکہ دہی کی اطلاع براہِ راست ایس ایس پی ای او ڈبلیو کشمیر عبد الواحد شاہ کو دیں۔ متاثرین اپنی شکایات سرکاری ای میل کے ذریعے بھی ارسال کر سکتے ہیں۔
سرکاری نوکریاں دلانے کے نام پر فراڈ، ملزم کے خلاف تین مقدمات درج