عظمیٰ ویب ڈیسک
سری نگر/جنوبی کشمیر کے اننت ناگ ضلع کے مٹن چوک کورٹ روڈ علاقے میں واقع ایک مسجد و دارالعلوم میں منگل اور بدھ کی درمیانی شب آگ لگنے سے ایک طالب علم جاں بحق جبکہ تین دیگر زخمی ہو گئے۔
اطلاعات کے مطابق دارالعلوم بابا حیدر ریشی میں اچانک آگ بھڑک اٹھی جس کے نتیجے میں مذہبی ادارے کو نقصان پہنچا۔ فائر اینڈ ایمرجنسی عملے نے مقامی لوگوں اور طلبہ کی مدد سے آگ پر قابو پایا۔
حادثے میں چار طلبہ جھلس گئے تھے جنہیں علاج کے لیے جی ایم سی اننت ناگ منتقل کیا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے ایک طالب علم کو مردہ قرار دیا۔
جاں بحق طالب علم کی شناخت 15 سالہ بلال احمد کمار ولد محمد اکبر ساکن وردوان کے طور پر ہوئی ہے۔
زخمی طلبہ میں سے دو کا علاج جی ایم سی اننت ناگ میں جاری ہے، جبکہ ایک زخمی کو مزید علاج کے لیے سری نگر اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔
ابتدائی تحقیقات کے مطابق آگ لگنے کی وجہ شارٹ سرکٹ بتائی جا رہی ہے۔ پولیس نے واقعے کا نوٹس لے کر مزید تحقیقات شروع کر دی ہیں۔
مٹن آتشزدگی :طالب علم جاں بحق، تین زخمی