عظمیٰ ویب ڈیسک
سری نگر/پیپلز کانفرنس کے صدر سجاد غنی لون نے پیر کے روز پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی اور نیشنل کانفرنس کو بی جے پی کو راجیہ سبھا کی ایک نشست ’’تحفے‘‘میں دینے کا الزام لگاتے ہوئے دونوں جماعتوں کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا۔ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئےسجاد لون نے کہا کہ دونوں جماعتیں، جو ہر کسی کو بی جے پی کا نام دے کر تنقید کا نشانہ بناتی تھیں، خود بی جے پی کو راجیہ سبھا کی ایک نشست جتوانے میں مددگار ثابت ہوئیں۔لون نے الزام لگایا کہ پی ڈی پی کی نیت میں کھوٹ تھا اور اسی وجہ سے اس نے اپنے مجاز ایجنٹ مقرر نہیں کیے تاکہ یہ جانچا جا سکے کہ اس کے اراکین اسمبلی نے کس کے حق میں ووٹ دیا۔
انہوں نے کہا،ایجنٹ کا کام یہ ہوتا ہے کہ وہ تصدیق کرے کہ ایم ایل ایز نے کس کو ووٹ دیا۔ آر ٹی آئی سے انکشاف ہوا کہ پی ڈی پی نے کوئی ایجنٹ مقرر ہی نہیں کیا تھا۔ نتیجتاً تینوں اراکین نے اپنی مرضی کے مطابق ووٹ ڈالے کیونکہ ان کی نگرانی کے لیے کوئی موجود نہیں تھا۔سجاد لون نے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ سے بھی سوال کیا کہ کیا وہ واقعی پی ڈی پی کی جانب سے ایجنٹ مقرر نہ کیے جانے سے لاعلم تھے۔
انہوں نے کہاعمر عبداللہ کہہ رہے ہیں کہ انہیں آر ٹی آئی کے ذریعے معلوم ہوا کہ پی ڈی پی نے ایجنٹ مقرر نہیں کیے تھے، اور یہی ثابت کرتا ہے کہ پی ڈی پی نے بی جے پی کو ووٹ دیا۔ کیا یہ ممکن ہے کہ ایک موجودہ وزیر اعلیٰ کو یہ بات آر ٹی آئی کے ذریعے معلوم ہو؟لون نے مزید کہا کہ راجیہ سبھا انتخابات میں کراس ووٹنگ سے توجہ ہٹانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔