عظمیٰ ویب ڈیسک
بانڈی پورہ/شمالی ضلع بانڈی پورہ کے حاجن علاقے میں جمعہ کے روز دریائے جہلم میں تین افراد پھسل کر گر گئے، جن میں سے دو افراد کے ڈوب جانے کا خدشہ ہے جبکہ ایک شخص کو بحفاظت بچا لیا گیا۔
ایک سرکاری عہدیدار نے بتایا کہ یہ واقعہ اُس وقت پیش آیا جب تینوں افراد دریا کے کنارے اپنے خیمے دھو رہے تھے۔
انہوں نے بتایا کہ اسی دوران ایک شخص اچانک پھسل کر دریا میں جا گرا، جسے بچانے کی کوشش میں باقی دو افراد بھی پانی میں کود گئے، تاہم تیز بہاؤ کے باعث وہ بھی بہہ گئے۔
انہوں نے کہا کہ مقامی لوگوں نے ایک شخص کو بچا کر نزدیکی طبی مرکز منتقل کیا، جبکہ دو دیگر افراد تاحال لاپتہ ہیں۔
ریسکیو ٹیموں، پولیس اور مقامی رضاکاروں نے لاپتہ افراد کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔ متاثرہ افراد کی شناخت ابھی تک معلوم نہیں ہو سکی ہے۔
حاجن میں تین افراد دریائے جہلم میں بہہ گئے، ایک کو بچا لیا گیا، دولاپتہ، تلاش جاری