عظمیٰ ویب ڈیسک
سری نگر/اقتصادی جرائم ونگ (EOW) کشمیر نے محکمہ صحت میں بھرتی دھوکہ دہی کے ایک معاملے کا پردہ فاش کرتے ہوئے ایک سینئر عہدیدار کو جعلی تقرریوں میں مبینہ کردار کے الزام میں گرفتار کر لیا ہے۔
جاری ایک بیان میں ترجمان نے بتایا کہ کرائم برانچ جموں و کشمیر کے اقتصادی جرائم ونگ (ای او ڈبلیو) کشمیر نے ایف آئی آر نمبر 19/2017 کے سلسلے میں تلاشی کارروائیاں انجام دیں۔ یہ مقدمہ تعزیراتِ رنبیر پینل کوڈ کی دفعات 420، 467، 468 اور 471 کے تحت پولیس اسٹیشن کرائم برانچ کشمیر (موجودہ ای او ڈبلیو کشمیر) میں درج ہے۔
بیان کے مطابق، ٹنکی پورہ شہید گنج سری نگر کے رہائشی اور محکمہ صحت میں تعینات سینئر اسسٹنٹ شہنواز احمد میر کو اس کیس میں ملوث ہونے پر گرفتار کیا گیا ہے۔
ترجمان نے کہا کہ یہ معاملہ ڈپٹی ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز کشمیر کی جانب سے موصولہ ایک مراسلے کے بعد سامنے آیا، جس میں بتایا گیا تھا کہ مزھامہ بڈگام کے بشیر احمد صوفی نے جعلی تبادلہ احکامات اور فرضی لاسٹ پے سرٹیفکیٹ پیش کر کے بطور ہیلتھ ایجوکیٹر تقرری حاصل کی تھی۔
تحقیقات سے معلوم ہوا کہ مذکورہ شخص نے غیر قانونی طور پر بلاک شیری بارہمولہ میں ملازمت حاصل کی اور تنخواہ وصول کرتا رہا، جس سے سرکاری خزانے کو نقصان پہنچا۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ تحقیقات کے دوران شہنواز احمد میر کے متعدد اسی نوعیت کے معاملات میں ملوث ہونے کے شواہد بھی سامنے آئے ہیں، جن میں بعض کیس زیرِ تفتیش ہیں جبکہ بعض میں چالان پیش کیا جا چکا ہے۔ اس معاملے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔
ای او ڈبلیو کشمیر نے محکمہ صحت بھرتی گھوٹالے کا پردہ فاش کیا، ملزم گرفتار